پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کا آفیشل ترانہ ’گروو میرا‘ ریلیز کردیا گیا ہے تاہم ترانے کو مداحوں کی جانب سے پزیرائی نہ مل سکی اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی ایس ایل 2021 کا ترانہ ریلیز ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور ایک مرتبہ پھر وہ گلوگار علی ظفر کے گُن گانے لگے اور انہیں ’راک اسٹار‘ قرار دے دیا۔
پی ایس ایل سانگ کے ریلیز ہوتے ہی ٹویٹر صارفین کی جانب سے تبصروں کا ایک سلسلہ چل پڑا ہے جس میں انہوں نے علی ظفر سے گانا گانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
علی ظفر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، ویڈیو کے کمنٹس میں صارفین اُن کو پی ایس ایل کا گانا گانے کا کہہ رہے ہیں۔
پی ایس ایل سانگ ’گروو میرا‘ کے ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میمز کا سلسلہ بھی چل پڑا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی پاکستان سپر لیگ کے ترانے کو لوگوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہوا تھا جس کے بعد علی ظفر نے صارفین کی فرمائش پر سانگ ’میلہ لوٹ لیا‘ ریلیز کیا تھا۔
گلوکارعلی ظفر کا کہناتھا کہ انہوں نے مداحوں سے کیا وعدہ پورا کردیا جسے شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی بھی ملی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل )2021 کا آفیشل ترانہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترانے کی ویڈیو میں بابراعظم، شاداب خان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے ہیں۔
ترانے میں کورونا وائرس کے بعد پیدا شدہ حالات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اسٹیڈیم خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں۔
اس ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی۔
فوک گلوکارہ نصیبو لعل، پاپ گلوکارہ آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ سپر اسٹارز ینگ اسٹنرز نے ترانے میں اپنی آواز کا جادہ جگایا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News