ویمنز ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کو دوسرے میچ میں بھی شکست
نگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 84 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی ویاٹ نے اننگز کے آغاز سے ہی میزبان باؤلرز کے خلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دونوں بلے بازوں کے درمیان 68 گیندوں پر 120 رنز کی شاندار شراکت نے میچ میں انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔
ایمی جونز نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈینی ویاٹ 36 گیندوں پر 55 رنز بناکر پویلین واپس لوٹیں۔
دونوں بلے بازوں کے علاوہ مہمان ٹیم کی کوئی کھلاڑی لمبی اننگز نہ کھیل سکی تاہم انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے انعم امین اور ندا ڈار نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
186رنز کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ایک بار پھر متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہیں۔
مڈل آرڈر بلے باز ارم جاوید کے علاوہ کوئی بلے باز بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی صرف 3 کرکٹرز ڈبل فیگرز میں داخل ہوسکیں۔
ارم جاوید نے ایک چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عالیہ ریاض 16 اور جویریہ خان 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
میزبان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز ہی بناسکی۔
انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے ایکلےاسٹون ، کیتھرین برنٹ اور میڈی ویلیئرز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مہمان ٹیم کی اوپنر ایمی جونز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 20 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News