بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم آج صبح قطر ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے نیواسلام آباد ائیرپورٹ پہنچی ۔ مہمان ٹیم کو نیواسلام آباد انٹرنیشل ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں وفاقی دارالحکومت کے ہوٹل میں پہنچا دیا گیا۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے 17 رکنی اسکواڈ کی قیادت مومن الحسن کررہے ہیں ۔
مہمان ٹیم آج آرام کرے گی اور کل (جمعرات کو) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7سے 11 فروری تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے پہلے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔
جمعہ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں رچی رچرڈسن میچ ریفری جبکہ نائجل لونگ اور کرس گیفنی آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اس کے علاوہ ماریاس ایریزمیس ٹی وی امپائر اور شوزب رضا فورتھ امپائر ہوں گے۔
یاد رہے کہ رچی رچرڈسن دوسری مرتبہ پاکستان آرہے ہیں۔ وہ اس سے قبل ستمبر2017 میں آئی سی سی ورلڈالیون ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کےدورہ پاکستان کے دوران بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ : شائقین کو مفت ٹکٹ دینے کا فیصلہ
سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن بطور کرکٹر 1985 سے 1996 کے دوران پاکستان میں 21 ایک روزہ اور 6ٹیسٹ میچز بھی کھیل چکے ہیں۔
کرس گیفنی اور ماریاس ایریزمس پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہےہیں تاہم نائجل لونگ ا س سے قبل بھی پاکستان میں 6 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
نائجل لونگ کا راولپنڈی میں امپائرنگ کا یہ پہلاتجربہ ہوگا وہ اس سے قبل پاکستان کے تین مختلف شہروں کراچی (3)، لاہور(2)اور ملتان (1) میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔
نائجل لونگ نے آخری مرتبہ پاکستان میں 2009 میں سری لنکا سیریز میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کی اعلیٰ معیار کی کوریج فراہم کرنے کی منصوبہ بندی بھی کرلی ہے۔
اس حوالے سےپی سی بی نے کمنٹری پینل اور براڈ کاسٹ پلان کا اعلان کردیا ہے۔
میچ کی براڈ کاسٹ کوریج ٹین اسپورٹس کے اشتراک سے ممکن ہوگی جو23 مختلف ایچ ڈی کیمروں کی مدد سے مداحوں کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھے گی۔
براڈ کاسٹ پلان میں2 سپر سلو اسپن ویژن کیمراز سمیت ایک الٹر ہائی اسپیڈ کیمرہ بھی شامل ہے۔
میچ کے دوران اسٹمپ کیمراز اور ہاک آئی بال ٹریکنگ سمیت جدید پروڈکشن کا یہ نظام امپائرز کو ڈی آر ایس کے فیصلوں میں بھی معاونت فراہم کرےگا۔
اس موقع پر سابق کرکٹر زرمیز راجہ، بازید خان، اطہر علی خان، شمیم چوہدری اورڈینی موریسن بطورکمنٹیٹر زمیچ کے دوران میدان میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر تبصرہ کریں گے۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے میچ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیےسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیےساڑھے تین ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News