قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض ، محمد حفیظ اور شعیب ملک ہمارے ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں۔
ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی دورہ انگلینڈ کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ بطور ٹیم اور کوچ اس سیریز کو ہارنے پر افسوس رہے گا۔
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ انگلینڈ کا بہت اہم دورہ تھا کیونکہ کرکٹ کئی مہینوں تک بند تھی۔تیس سے زائد کھلاڑی تیاری کے بغیر گئے تھے، اس سیریز کو بآسانی جیت سکتے تھے لیکن نہیں جیت سکے۔
مصباح الحق نے کہا کہ مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی قدرے بہتر ہی رہی ۔ٹی ٹوئنٹی میں دو دفعہ 190 سے اوپر سکور کیا دوسرے میں دفاع بھی کیا۔ مستقبل میں ان چیزوں پر فوکس کرتے ہوئے کھیل میں بہتری لائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیدرعلی کو بھی ہم ہی لائے، حیدرعلی کے نمبر کی وجہ سے انہیں نہیں کھلا سکے تھے۔ حفیظ جب اعتماد میں دکھائی دیے تو حیدرعلی کو موقع دیا۔ حیدرعلی کی پہلی سیریز تھی پہلی میں ہی چانس دے دیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ بابر اعظم پاور فل کپتان ہے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ بابر کو باہر سے چلایا جاتا ہے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ رضوان اس وقت پاکستان کا نمبر ون جبکہ سرفراز دوسرے نمبر پر ہے۔ سرفراز احمد قومی ٹیم کا حصہ ہے اور مستقبل میں بھی حصہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا کا پریشر نہیں لیتا، اپنے فیصلے کرتا ہوں۔کسی کو برا کھیلنے پر نکالنا شروع کردیا تو اپنا نقصان ہوگا۔ محمد عامر ٹی ٹوئنٹی کا اچھا بالر ہے، اس لیے موقع دیا تھا۔
ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہاب ریاض، محمد حفیظ اور شعیب ملک ہمارے ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں۔ تینوں سینئر کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کوچز کے ساتھ کام کروں گا تو اندازہ ہوگا آگے کیسے چلنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر ٹور پر خاصی مثبت چیزیں سامنے آئی ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا نے ہماری ٹیم کو سپورٹنگ ٹیم کہا جو پازیٹیو چیز ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News