ملتان ٹیسٹ میں جیت کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کھیلا گیا جس کا چوتھا دن نتیجہ خیز رہا اور انگلینڈ نے 26 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔
پاکستانی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں جان لگائی لیکن مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرلی ہے۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ اور پہلی اننگز میں 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ 63 اور اولی پوپ نے 60 رنز کی بڑی اننگز کھیلیں۔
علاوہ ازیں ول جیکس 31، کپتان بین اسٹوکس 30 اور زیک کرولی 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مارک ووڈ 36 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے پہلی اننگز میں انگلش بلے بازوں کے چھکے چھڑا دیے اور یکے بعد دیگر 7 وکٹیں حاصل کیں جب کہ زاہد محمود 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔
پاکستان کی پہلی اننگز
پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 202 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی جب کہ اوپننگ جوڑی عبداللہ شفیق اور امام الحق ناکام رہے، عبداللہ شفیق 14 اور امام الحق صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان بابر اعظم نے سب سے لمبی 75 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
علاوہ ازیں نوجوان بلے باز سعود شکیل 63، فہیم اشرف 22 اور محمد رضوان 10 رنز ہی بناسکے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارک ووڈ اور جوئے روٹ نے 2،2 وکٹیں حاصل کی جب کہ جیمس اینڈریسن اور اولی روبنسن نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز
انگلینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز 79 رنز کی برتری سے کیا جس کے بعد دوسری اننگز میں 275 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے 355 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں ہیری بروک نے 108 رنز کی سنچری اننگز کھیلی، بین ڈکٹ 79، کپتان بین اسٹوکس 41 اور جوئے روٹ نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی ابرار احمد کا جادو چھایا رہا اور انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ زاہد محمود 3 اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
جس پچ پر 300 رنز بنانا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا تو ایسی صورت میں 355 رنز کا ہدف پاکستان کے لیے انتہائی مشکل تھا اور وہی ہوا جس کا ڈر تھا قومی کھلاڑی مقررہ ہدف بنانے میں ناکام رہے۔
پاکستان ٹیم 328 رنز بناسکی اور یوں میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی قومی ٹیم کے ہاتھ سے نکل گئی، پاکستان کو اس میچ میں 26 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگز میں امام الحق کی جگہ محمد رضوان کو اوپننگ کے لیے بھیجا جو کہ درست فیصلہ ثابت ہوا، رضوان نے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے اپنی وکٹ 66 رنز کے مجموعی اسکور پر 30 رنز بنانے کے بعد گنوائی۔
سعود شکیل نے ٹیم کے جتوانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ بھی 94 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ عبداللہ شفیق 45، امام الحق 60 اور محمد نواز 45 رنز بناسکے۔
یہ بھی پڑھیں: انشاءاللہ ہم ملتان ٹیسٹ ضرور جیتیں گے، محمد رضوان
انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جیمس اینڈرسن اور اولی رابنسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جیک لیچ اور جوئے روٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ کراچی میں کھیلا جائے گا جو 17 دسمبر سے شروع ہوکر 21 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News