قومی فاسٹ بولر حارث رؤف نے وہاب ریاض کے دورہ آسٹریلیا کے لیے تاخیر سے دستبرداری کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔
پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ وہاب ریاض نے اپنی پہلی اسائنمنٹ مکمل کرتے ہوئے دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف قومی اسکواڈ میں فاسٹ بولر حارث رؤف شامل نہیں جس کے حوالے سے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورک لوڈ کے باعث انہوں نے آخری لمحات میں دستبرداری کا فیصلہ کیا۔
وہاب ریاض کا کہنا تھا ’’ہم نے دو روز قبل دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے حارث رؤف سے بات کی تھی اور اس وقت انہوں نے رضامندی ظاہر کی تھی لیکن بعد ازاں کل رات انہوں نے اپنا ارادہ بدلتے ہوئے ٹیسٹ سیریز میں شامل ہونے سے انکار کردیا‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ آسٹریلیا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان
انہوں نے بتایا کہ قومی فاسٹ بولر اپنی فٹنس اور کام کے لوڈ کو لے کر پریشان ہیں اور ہم نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں تمام سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔
چیف سلیکٹر نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے فزیو کے مطابق انہیں کسی قسم کی کوئی انجری نہیں، وہ ابھی تھکاوٹ کا شکار ہیں اور ہم ان کا پورا خیال رکھیں گے۔
تاہم کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق حارث رؤف کا اس حوالے سے الگ ہی موقف ہے اور انہوں نے دورہ آسٹریلیا کے لیے تاخیر سے دستبرداری کے دعوے کو مسترد کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کھلاڑی کے قریبی ذرائع نے بتایا ’’حارث رؤف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے پہلے کبھی آمادگی ظاہر نہیں کی تھی، اس لیے آخری لمحات میں دورے سے دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘۔
انہوں نے بتایا ’’حارث رؤف نے وہاب ریاض کو بتایا تھا کہ ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ حصہ نہیں لیا، اپنی فٹنس کو بہتر کرتے ہوئے وائٹ بال کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتا ہوں‘‘۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ آسٹریلیا کے لیے حارث رؤف اور محمد نواز کی سلیکشن خطرے میں پڑگئی
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے ’’حارث رؤف کو بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے پی سی بی کی این او سی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے جب کہ یہ غیر یقینی صورتحال چیف سلیکٹر اور حارث رؤف کے درمیان کشیدہ تعلقات سے پیدا ہوئی ہے‘‘۔
رپورٹ کے مطابق حارث رؤف کو بگ بیش لیگ کھیلنے کے لیے پی سی بی کی جانب سے کلیئرنس درکار ہے جس کے لیے انہیں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا پر تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی جو 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 تک کھیلے جائیں گے۔
اگر حارث رؤف دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل ہوتے تو وہ بگ بیش لیگ نہیں کھیل سکتے تھے کیونکہ اس کا آغاز 13 دسمبر سے ہونا ہے جو 4 فروری تک جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News