پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز ہراکر تاریخ رقم کردی۔
پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرکے شاندارفتح حاصل کی، کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم بالترتیب 30 اور 28 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27ویں اوور میں حاصل کرلیا، کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم بالترتیب 30 اور 28 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں۔
واضح رہے کہ 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں اسٹریلیا کی ٹیم 140 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ پاکستان کو جیت کے لیے 141 رنز کا ہدف درکار تھا۔
پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے آخری میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ بہتر ثابت ہوا، پرتھ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی شاہنوں نے بولنگ کا آغاز نہایت شاندار انداز میں کیا۔
پاکستانی فاسٹ بولرز نسیم شاہ نے 20 رنز پر پہلی اور شاہین آفریدی نے 36 رنز پر دوسری وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 56 رنز پر گری، کپتان جوش انگلس کو نسیم شاہ نے 7 رنز پر آؤٹ کیا۔کچھ ہی دیر بعد 13.5 اوورز میں فاسٹ بولر حارث رؤف نے پاکستان کے لیے چوتھی وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 79 اور چھٹی 88 رنز پر گری۔ مارکس اسٹوائنس کو محمد حسنین اور گلین میکسویل کو حارث رؤف نے واپس پویلین بھیجا، میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ 26 ویں اوور میں 118 رنز پر گری، ایڈم زیمپا کو نسیم شاہ نے 13 رنز پر آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی آٹھویں اور نویں وکٹ 140 رنز پر گری۔ یہ دونوں وکٹس شاہین آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک آسٹریلوی بیٹر کوپر کونولی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے، اس طرح آسٹریلیا کی پوری ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
میچ میں شاہین آفریدی اور نسیم شاہ نے 3،3 جبکہ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ حاصل کی۔
بولرز میں سب سے کم رنز فاسٹ بولر محمد حسنین اور حارث رؤف نے دیے، دونوں بولرز نے 7،7 اوورز کرائے اور 24،24 رنز دیے جبکہ نسیم شاہ نے 9 اوورز میں 54 اور شاہین آفریدی نے 8.5 اوورز میں 32 رنز دیے۔
ون ڈے میچز کی اس سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے اسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سریز اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل 2002 میں پاکستان نے کینگروز کے خلاف آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔
ٹاس کے موقع پر قومی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پچ مختلف نہیں لگ رہی اس لیے پہلے بولنگ کررہےہیں، پچھلےمیچ کی طرح اس میچ میں بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ لانس مورس، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، شان ایبٹ اور اسپینسر جونسن ٹیم میں شامل ہیں۔
پہلے میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف دو وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستانی بولروں نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News