قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھنے لگا
لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں قذافی اسٹیڈیم کا اپ گریڈیشن پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھنے لگا۔
قذافی اسڈیڈیم میں 100 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بیسمنٹ مکمل ہوگئی جب کہ انکلوژرز میں نئی نشتوں کے لئے اسٹرکچر کا کام شروع ہوگا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اسٹیڈیم کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے مین بلڈنگ اور انکلوژرز میں تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے مین بلڈنگ اور آفس بلڈنگ کے جاری کاموں کا بھی مشاہدہ کیا، فلورز میں جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا جب کہ کمروں میں ٹائلز کی تنصیب بھی شروع ہوگئی ہے۔ چئیرمین پی سی بی نے خندق کے گرد گرل کو دیدہ زیب بنانے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ گرل کی تنصیب سے شائقین کرکٹ کا میچ دیکھنے کا ویو متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ چئیرمین پی سی بی نے فار اینڈ پر انکلوژرز میں نشتوں کی تعمیر کے لیے بنائے جانے والے اسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پراجیکٹ وقت پر مکمل ہوگا، پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔
انہوں نے پراجیکٹ کے حوالے سے ایف ڈبلیو او کے حکام کو ہدایات دیں جب کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈبلیو او نے پراجیکٹ پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
ایڈوائزر عامر میر، بلال افضل، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹرز انفراسٹرکچر، ڈومیسٹک کرکٹ، نیسپاک اور ایف ڈبلیو او کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News