
چیمپینز ٹرافی کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت میں شائقین کا غیرمعمولی جوش و خروش
لاہور: آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت میں شائقین کرکٹ کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 2025 کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوچکی ہے جب کہ پہلے مرحلے میں 30 فیصد ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہونے پر شائقین کرکٹ کا غیرمعمولی جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ اور پاکستان بمقابلہ بنگلادیش کے میچز کے ٹکٹس مکمل فروخت ہوگئے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا میچ 22 فروری کو لاہور میں ہوگا جب کہ پاکستان اور بنگلادیش کا میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں شیڈول ہے۔
دوسرے مرحلے میں فزیکل ٹکٹس 3 فروری سے فروخت ہوں گے، 100 سے زائد ٹکٹس ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے بیچے جائیں گے۔
اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت پر عوامی ردعمل خوش کن ہے، چند گھنٹوں میں ٹکٹس کی فروخت شائقین کی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں جو اچھی خبر ہے، پی سی بی زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو میچز دکھانے کی سہولت دے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News