
کپتانی سے متعلق سوال پر شان مسعود بھڑک اٹھے
پریس کانفرنس کے دوران کپتانی سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود غصے میں آگئے۔
وسیٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں مایوس کن شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس کی جس دوران ایک صحافی کے سوال پر وہ بھڑک اٹھے۔
دوران پریس کانفرنس صحافی نے ان سے سوال کیا ’’کیا آپ اپنی کپتانی کے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے یا پھر پی سی بی پر چھوڑ دیں گے؟‘‘۔
پہلے تو اس سوال کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلا سوال کریں لیکن بعد ازاں ان کا کہنا تھا ’’اس قسم کی بے عزتی کوئی بھی برداشت نہیں کرے گا، آپ کا سوال انتہائی شرمناک تھا‘‘۔
انہوں نے کہا ’’اس سوال میں آپ نے دوسرے کو نیچے دکھانے کی کوشش کی جب کہ آپ کو اپنے کھلاڑیوں کا احترام کرنا چاہیے، میں ماضی کی بات نہیں کرنا چاہتا لیکن حال کے بارے میں بات کرنے کو تیار ہوں‘‘۔
شان مسعود کہتے ہیں ’’اگر آپ حقائق پر بات کرنا چاہیں تو بے شک کرسکتے ہیں لیکن آپ کی معلومات درست نہیں اور آپ کو سوال پوچھنے سے پہلے تحقیق کی ضرورت ہے‘‘۔
قومی ٹیم کے کپتان نے بتایا ’’فیصلہ کرنا پی سی بی کی ذمہ داری ہے اور اہم ان کے ہر فیصلے کو قبول کرتے ہیں۔ ہم اس ملک، ادارے اور آپ کے بھی ہیں جب کہ ہم پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں اور نتائج دینے کی پوری کوشش کرتے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید کہا ’’ان حالات میں بھی ہم نے چار میں سے تین میچز جیتے ہیں جب کہ صرف ایک میں شکست ہوئی جو کہ پہلے دن کے کھیل کی غلطیوں کی وجہ سے ہوا‘‘۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 120 رنز سے شکست دی تھی جب کہ 34 سال بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News