
وسیم جونیئر ، نواز اور اسامہ میر کا چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے محروم ہونے کا امکان
محمد وسیم جونیئر، محمد نواز اور اسامہ میر کا چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ سے محروم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
آئی سی سی چیمئنز ٹرافی کا آغاز اگلے ماہ سے ہونے جارہا ہے جس میں ون ڈے کی ٹاپ 8 ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور بنگلا دیش کے علاوہ افغانستان شامل ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا جب کہ پاکستان اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی میں شامل ٹیموں نے اپنے عارضی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے تاہم پاکستان نے ابھی تک اپنے اسکواڈ کو حتمی شکل نہیں دی ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے تین مایہ ناز کھلاڑی اسکواڈ سے محروم رہ سکتے ہیں۔
محمد وسیم جونیئر
محمد وسیم جونیئر جو کبھی پاکستان کے وائٹ بال اسکواڈ کا مستقل رکن ہوا کرتے تھے ان کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت مشکل نظر آرہی ہے جب کہ ون ڈے میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 میچز میں 25.17 کی اوسط سے 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے ون ڈے ورلڈکپ میں بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 میچز میں 21.50 کی شاندار اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کیں تھیں تاہم محمد حسنین کی واپسی سے اب ان کی شرکت خطرے میں پڑگئی ہے۔
محمد حسنین 40.2 کی اوسط سے 17 وکٹوں کے اپنے معمولی ون ڈے ریکارڈ جب کہ 6.11 کی اکانومی ریٹ کے باوجود بھی پاکستان کی حالیہ ون ڈے سیریز کا حصہ تھے اور امکان ہے کہ انہیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے بیک اپ پیسر کے طور پر ترجیح دی جائے گی۔
اسامہ میر
گھومتی ہوئی گیندوں کے لیے مشہور اسامہ میر نے 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران پاکستان کے لیڈ اسپنر کا کردار ادا کیا تھا۔
اس دوران انہوں نے 12 ون ڈے میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں تھیں جن میں 4 وکٹیں بھی شامل ہیں تاہم ابرار احمد اور ابھرتے ہوئے اسپنر سفیان مقیم کی وجہ انہیں ٹیم سے باہر رکھا جاسکتا ہے۔
اسامہ میر کے تجربے اور بگ بیش لیگ میں ان کی زبردست کارکردگی کے باوجود بھی قومی سلیکٹرز کی ترجیحات میں ابرار احمد اور سفیان مقیم ہیں۔
محمد نواز
آل راؤنڈر محمد نواز وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کا قیمتی اثاثہ رہے ہیں جب کہ انہوں نے 37 ون ڈے میچز میں 88.6 کے اسٹرائیک ریٹ سے 406 رنز اور 42 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
تاہم قومی وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان سلمان آغا کی حالیہ کارکردگی نے ٹیم میں ان کی جگہ کو مضبوط کردیا ہے اور اسی باعث محمد نواز کے چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں جگہ بنانے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News