
سہ ملکی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے اس اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے 352 رنز کا ہدف 49 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگ کا آغاز کیا، دونوں کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری ہوئی، بابر اعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فخر زمان نے 41 رنز بنائے۔
سعود شکیل 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، 11 ویں اوور میں پاکستان کا اسکور 91 رنز تھا اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے۔
کپتان محمد رضوان اور سلمان آغا نے اس موقع پر گرداب میں پھنسی ٹیم کو نکالا، دونوں کے درمیان 260 رنز کی وننگ پارٹنر شپ نے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
سلمان آغا 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان نے ناقابل شکست 122 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔
پروٹیز کی جانب سے ویان ملڈر نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ کاربون بوش اور نگیڈی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقا اننگز
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے، ہینرک کلاسن 87 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت نمایاں بلے باز رہے۔
علاوہ ازیں میتھیو بریٹزکے 83 اور کپتان ٹمبا باووما نے 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جب کہ ٹونی ڈیزورزی 22 اور وایان مولڈر نے 2 رنز بنائے۔ کائل ویرین 44 اور کاربن بوش نے 15 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ اور خوشدل شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ آج کا میچ جیتنے والی ٹیم 14 فروری کو فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی جب کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کو نیوزی لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ نئی کنڈیشنز ہیں نیا دن ہے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے،سلمان آغا اچھی بولنگ کرتے ہیں۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باووما نے کہا کہ ہم نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں، ٹونی ڈی زورزی، ہینرک کلاسن، کوبن بوش اور کیشو مہاراج آج پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
سہ ملکی سیریز کا فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پاکستان پلیئنگ الیون
کپتان محمد رضوان، فخر زمان، بابراعظم، سعود شکیل، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News