
چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ: کیویز کی شاہنوں کے خلاف شاندار فتح
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھے ٹی 20 میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے 115 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں تین ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ناکام رہی۔ کیویز نے پہلے کھیلتے ہوئے قومی ٹیم کو 221 رنز کا ہدف دیا، تاہم قومی ٹیم 16.2 اوورز میں صرف 105 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
پاکستان کی بیٹنگ کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 9 بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ عبدالصمد ناٹ آؤٹ 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عرفان خان 24 رنز بنا کر ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے دوسرے بلے باز تھے۔
پاکستان نے جب اننگ کا آغازکیا تو صرف 9 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھی، آکلینڈ میچ کے ہیرو حسن نواز اور کپتان سلمان علی آغا صرف ایک، ایک رن ہی بنا سکے جب کہ محمد حارث نے دو رنز بنائے۔
شاہین شاہ آفریدی، خوشدل شاہ اور حارث رؤف نے 6، چھ رنز بنائے جب کہ شاداب خان اور عباس آفریدی ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کے بالر جیکب ڈفی نے 20 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ زکارے فالکس نے 25 نرز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اش سودھی، ول او رورکے اور جیمز نشام نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے کہ پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، کیویز نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ہوئے 20 اوورز میں 220 رنز دے بنائیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنرز ٹم سائفرٹ اور فن ایلن نے جارحانہ انداز میں اننگ کا آغازکیا، اور صرف 3.4 اوورز میں 50 رنز بنالیے۔
کیویز کی جانب سے فن ایلن 20 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ کپتان مچل بریسویل نے ناقابل شکست 46 اور ٹم سائفرٹ نے 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلیں۔
149 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد چھٹی وکٹ کے لیے کپتان مچل بریسویل نے ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر 56 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ یہ پارٹنر شپ بھی حارث رؤف نے ہی توڑی اور ڈیرل مچل کو 29 رنز پر آؤٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ بنایا۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر حارث رؤف رہے جنہوں نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد 41 رنز کے عوض دو وکٹوں کا سواد کیا جب کہ عباس آفریدی نے تین اوورز میں 38 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور نائب کپتان شاداب خان مہنگے ترین بولرز ثابت ہوئے۔ دونوں نے اپنے کوٹے کے چار، چار اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 49، 49 رنز دیے۔
اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں تین، ایک کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا آخری میچ بدھ 26 مارچ کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News