
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شکست کا ذمہ دار کون؟ محمد یوسف نے بتادیا
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شکست کی بڑی وجہ بولنگ کو قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور مڈل آرڈر میں بابر اعظم اور آغا سلمان نے اچھی شراکت داری قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ 40 ویں اوور میں دو وکٹیں گرنے سے ٹیم پر دباؤ آیا جب کہ صبح کے وقت پچ بولنگ کے لیے سازگار تھی جس کا نیوزی لینڈ کے بولرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم کو پارٹ ٹائم بولرز پر بھروسہ کرنا مہنگا پڑا کیونکہ انہوں نے زیادہ رنز دیے جس سے نیوزی لینڈ کو بڑا اسکور بنانے کا موقع ملا۔
محمد یوسف نے اعتراف کیا کہ پاکستانی بولرز نے 43 اضافی رنز دیے جو کسی بھی میچ میں فرق ڈال سکتے ہیں اور کوچنگ اسٹاف اس پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لے گا۔
محمد یوسف نے مزید کہا کہ ٹیم مینجمنٹ دوسرے ون ڈے سے قبل غور کرے گی کہ پانچواں بولر کھلانا ضروری ہے یا نہیں اور آیا آل راؤنڈر کو موقع دینا بہتر ہوگا یا کسی خالص بولر کو شامل کیا جائے۔
ٹیم کی سلیکشن سے متعلق سوال پر محمد یوسف نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ اگر میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا تو یہی فیصلے درست بھی ثابت ہو سکتے تھے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ کیویز نے 345 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News