ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کرلی۔
ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز کی ہزیمت سے دوچار کیا۔
پاکستان ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سلمان علی آغا 63 اور عامر جمال 55 (ناٹ آؤٹ ) رنز بناکر نمایاں رہے۔
سعود شکیل 29،صائم ایوب 25، کپتان شان مسعود 11، محمد رضوان اور شاہین آفریدی 10،10، نسیم شاہ 6، بابر اعظم 5 اور عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ابرار احمد بخار کے باعث بیٹنگ کرنے نہ آسکے۔ وہ گزشتہ روز بھی بخار کے باعث میدان میں نہیں اتر سکے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائڈن کارس اور گس ایٹکنسن نے 2،2 جبکہ کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم کو پہلی اننگز میں ساڑھے پانچ سو سے زائد رنز بنانے کے بعد شکست ہوئی ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ بھی پہلا موقع ہے جب کوئی ٹیم پہلی اننگز میں500 سے زائد رنز بنانے کے بعد اننگز کی شکست سے دوچار ہوئی ہو۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 556 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 823 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک اور جو روٹ نے 454 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جو روٹ 262 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہیری بروک انگلینڈ کی جانب سے ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے چھٹے بلے باز بن گئے۔ وہ 317 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بین ڈکٹ 84 ، زیک کرولی 78، جیمی اسمتھ 31 اور کپتان اولی پوپ بغیر کوئیرن بنائے آؤٹ ہوئے۔ کرس ووکس 17 اور برائڈن کارس 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ شاہین آفریدی، سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان شان مسعود(151)، سلمان علی آغا (ناقابل شکست 104) اور عبداللہ شفیق (102) کی سنچریز کی بدولت 556 رنز بنائے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News