
پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن؛ سپارکو نے تجرباتی تجاویز طلب کرلیں
اسلام آباد: پاکستان کے پہلے تاریخی انسانی خلائی مشن کے لیے سپارکو نے تجرباتی تجاویز طلب کرلیں۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپرایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنے تاریخی انسانی خلائی مشن کے لیے سائنس دانوں، محققین اور طلبہ سے تجرباتی تجاویز طلب کی ہیں۔ اس مشن کے تحت پاکستان کا پہلا خلاباز چینی خلائی اسٹیشن (سی ایس ایس) تک سفر کرے گا جو خلا میں ایک اہم قدم ہے۔
ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان کا پہلا خلاباز چینی خلائی اسٹیشن تک تاریخی سفر کرنے جا رہا ہے۔ یہ مشن خلا میں سی ایس ایس کے انتہائی درجہ حرارت، خلا کے ماحول اور مائیکروگریویٹی میں انوکھے تجربات کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
چینی خلائی اسٹیشن زمین کے 41.5 ڈگری زاویے پر 380 کلومیٹر کی بلندی پر گردش کررہا ہے اور زمین کے گرد ایک چکر 92 منٹ میں مکمل کرتا ہے۔ اس کی مدار رفتار تقریباً 7.7 کلومیٹر فی سیکنڈ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے تاکہ وہ خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
سپارکو نے بتایا کہ منتخب تجربات سی ایس ایس کی جدید تحقیقی سہولتوں سے استفادہ کریں گے اور ان تجربات میں خلائی حیاتیات، بائیوٹیکنالوجی، بنیادی طبیعیات، فلویڈ ڈائنامکس، مٹیریل سائنس اور فلکیاتی طبیعیات شامل ہیں۔
سپارکو کا کہنا تھا کہ خاص طور پر زراعت اور طبّی علوم کے شعبوں میں تجاویز کو ترجیح دی جائے گی کیونکہ خلا میں خرد ثقل کے ماحول میں انقلابی دریافتیں ممکن ہو سکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق جمع کرائی گئی تجاویز سی ایس ایس کی تحقیقی ترجیحات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق ہونی چاہیے۔
سپارکو نے کہا کہ پاکستان کا خلاباز 2026 کے آخر تک یا سی ایس ایس کے آئندہ مشن شیڈول کے مطابق اپنی تربیت مکمل کرنے کے بعد خلائی اسٹیشن پر مشن انجام دے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تجاویز جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 ہے۔ اس منصوبے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے سپارکو کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات ملاحظہ کی جا سکتی ہیں: https://sead.pk/Announcement/Detail/5094
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News