ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور ایران کے درمیان سفری قواعد میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے دی جارہی ون وے ویزا فری انٹری بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے یہ اقدام ایسے متعدد واقعات سامنے آنےکے بعدکیا گیا ہے، جن میں بھارتی شہریوں کو ملازمت کے جھوٹے وعدوں یا دوسرے ممالک تک آگے لے جانے (ڈنکی) کے بہانے ایران بلایا گیا اور ایران پہنچنے پر ان میں سے کئی افراد کو اغوا کرکے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ایسی شکایات سامنے آنےکے بعد ایرانی حکومت نے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ویزا چھوٹ کی سہولت 22 نومبر سے معطل کر دی ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کا دعویٰ ہےکہ ایرانی حکومت نے یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے اس سہولت کے مزید غلط استعمال کو روکنےکے لیےکیا گیا ہے۔
22 نومبر سے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کو ایران میں داخل ہونے یا وہاں سےگزر کر تیسرے ملک جانے کے لیے پہلے سے ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔

