سری لنکا کی بحریہ نے اپنی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 21 بھارتی ماہی گیروں کو ایک جھڑپ کے بعد گرفتار کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آج بروز منگل سری لنکا کی بحریہ نے بتایا ہے کہ اس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر مچھلیاں پکڑنے کی غرض سے بھارت کے دو ٹرالر موجود تھے جن کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد 21 ماہی گیروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سری لنکن بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی رات کو ہونے والی جھڑپ کے نتیجے میں اس کے ایک چھوٹے جنگی جہاز فاسٹ اٹیک کرافٹ کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں فراہم کی گئیں۔
بیان کے مطابق جب بھارتی فشنگ ٹرالر اپنی جارحانہ تدابیر کے ذریعے سری لنکن نیول یونٹس سے بچ کر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے تو انہوں نے ایس این ایل فاسٹ اٹیک بحری جہاز کو بھی نقصان پہنچایا۔
بیان میں کسی جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا تاہم یہ کہا گیا ہے کہ سمندر کی گہرائیوں میں شکار کے لیے استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اِس طریقے سے سمندری حیات کا شکار کرنے پر سری لنکا میں پابندی عائد ہے۔
اکثر اوقات بھارتی ماہی گیر آبنائے پالک کے ذریعے سری لنکا کی سمندری حدود میں داخل ہوجاتے ہیں۔ خیال رہے کہ بحر ہند میں آبنائے پالک سری لنکا کو بھارت سے علیحدہ کرتی ہے۔
گزشتہ ہفتے بھی سری لنکا کی ایک عدالت نے غیر قانونی طور پر شکار کرنے والے 56 بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کا حکم دیا تھا تاہم ان کی کشتیاں ضبط کر لی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News