ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ بھارت، میانمار اور غزہ میں مسلمانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھارت، غزہ اور میانمار میں مسلمانوں سے روا رکھے جانے والے انتہائی سفاک اور ہتک آمیز سلوک پر شدید تنقید کی۔
جشنِ میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئیٹر) اکاؤنٹ سے آیت اللہ علی خامنہ ای نے دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے بھرپور اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری یہ سب کچھ خاموش تماشائی کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے دشمنوں نے ہمیشہ ہمیں لڑانے کی کوشش کی ہے۔ اس وقت غزہ، میانمار اور بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اسے نظر انداز کرنے والا اور مسلمانوں کے درد کو محسوس نہ کرنے والا ، مسلمان نہیں ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کے اس بیان سے بھارت کو شدید تکلیف ہوئی اور بھارت کی وزارتِ خارجہ نے رد عمل میں کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر کا بیان غلط بیانی پر مبنی اور بے بنیاد الزامات سے مزین ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ کسی بھی ملک کو بھارت یا کسی اور ملک پر انسانی حقوق اور اقلیتوں سے متعلق کچھ کہنے سے پہلے اپنے متعلقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ، مودی دور حکومت میں جو نفرت مسلمانوں کے خلاف ریاستی سطح پر پھیلائی گئی ہےاس کی مثال نہیں ملتی۔
بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کیا ہے بلکہ پورے ملک میں مسلمانوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ، جس کی وجہ سے اب عالمی سطح پر بھی اس کے خلاف آوازیں اُٹھ رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News