بیروت: اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورسز پر ایک مرتبہ پھر حملہ کرکے 2 فوجیوں کو زخمی کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس برائے لبنان کے امن فورسز کے زیر استعمال واچ ٹاور پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 فوجی زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اقوام متحدہ کی امن فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
لبنان کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے راس نقورہ میں یہ حملہ جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے زیر استعمال واچ ٹاور اور سری لنکا کی بٹالین بیس پر کیا جس کے نتیجے میں دو سری لنکن فوجی زخمی ہوئے۔
بیروت میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لبنان کے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اس حملے کو قابل مذمت جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی جمعہ کو ایک بیان میں واضح کیا ‘‘یہ واقعہ ناقابل برداشت ہے جس کو دوبارہ دہرایا نہیں جاسکتا‘‘۔
دوسری جانب لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران نقورہ میں ہمارے ہیڈ کوارٹر کو دو مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ’’اس حملے میں دو فوجی زخمی ہوئے جن میں سے ایک زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ دوسرے زخمی کا علاج نقورہ میں ہی کیا جارہا ہے‘‘۔
انہوں نے بتایا ’’حملے کے بعد ہماری پوزیشن کی متعدد دیواریں گرگئیں تھی تاہم اقوام متحدہ کی امن فورسز نے اپنی پوزیشن نہیں چھوڑی جب کہ فوری طور پر کمک کو بھی طلب کیا گیا‘‘۔
لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کا مزید کہنا تھا ’’امن فورسز پر کوئی بھی جان بوجھ کر کیا گیا حملہ بین الاقوامی انسانی قانون اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 (2006) کی سنگین خلاف ورزی ہے‘‘۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News