
امریکی شہریوں کا غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کا مطالبہ، نیویارک کی ٹائم اسکوائر پر احتجاجی مظاہرہ
نیویارک: غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی حملوں کے خلاف امریکی شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور نیویارک کی ٹائمز اسکوائر پر اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی تازہ بمباری کے خلاف امریکی شہریوں کی بڑی تعداد نے نیویارک کی ٹائمز اسکوائر پر مظاہرہ کیا ہے اور معصوم فلسطینیوں کے حق میں اپنی آواز کو ایک بار پھر بلند کیا ہے۔
مظاہرین نے غزہ پر حملے فوری روکنے، فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے والے محمود خلیل کو رہا کرنے اور فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے والے شہریوں کی بے دخلی روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینیوں پر تازہ حملوں کے خلاف اسرائیلی شہری بھی سراپا احتجاج ہیں اور اس سلسلے میں اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ بیت المقدس میں احتجاج کیا ہے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی پولیس نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے مظاہرین پر تشدد کیا۔
خیال رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیل نے پیر اور منگل کی درمیانی شب غزہ کی پٹی میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 400 سے زائد فلسطینی شہید اور 560 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں فلسطینی اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ترجمان ’ابو حمزہ‘ سمیت ان کی اہلیہ اور ان کے خاندان کے متعدد افراد بھی شہید ہوگئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News