
یوکرین پر داغے گئے میزائلوں سے امریکی پرزے بر آمد ہونے کا انکشاف
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر داغے گئے میزائلوں سے امریکی کمپنیوں کے تیار کردہ پرزے ملے ہیں، زیلنسکی کے مطابق میزائل شمالی کوریا میں تیار کئے گئے تھے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں یوکرینی صدر نے کہا کہ دارالحکومت کیف میں یوکرینی شہریوں کو قتل کرنے والے میزائل اگرچہ شمالی کوریا میں تیار کِے گئے تھے لیکن ان میں استعمال کِے گئے پرزے امریکی کمپنیوں کے تیار کردہ تھے۔
صدر زیلنسکی کے مطابق 24 اپریل کو روس کے حملے میں کیف میں 12 افراد ہلاک اور تقریباً 90 زخمی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روس کے ساتھ بات چیت صرف جنگ بندی کی صورت میں ہوگی: یوکرینی صدر
انہوں نے کہا کہ میزائل حملے کے بعد سے جاری ریسکیو آپریشن آج مکمل ہوا ہے، 30 سے زائد افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے اور کچھ کے اعضا کاٹنے پڑے ہیں۔
ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاہم ابتدائی شواہد سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کا تھا۔
یوکرینی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان عسکری تعاون کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News