Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ: 15 سالہ لڑکی سے جنسی زیادتی پر 2 افغان پناہ گزینوں کو سزائیں

 لندن: برطانیہ میں 15 سالہ لڑکی کو اغوا کر کے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے دو افغان پناہ گزینوں کو سزائیں سنا دی گئیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 15 سالہ لڑکی کے اغوا اور جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے 2 افغان پناہ گزینوں کو طویل قید کی سزائیں سنا دیں، جبکہ دونوں کو ممکنہ طور پر ملک بدری کا بھی سامنا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وارک کراؤن کورٹ نے 17 سالہ افغان مجرموں جان جہانزیب اور اسرار نیازال (دونوں کی عمر سزا کے وقت 17 برس) کو مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا سنائی۔

مزید پڑھیں: بائیڈن دور میں امریکہ آنے والے ہزاروں افغانوں کی ملک بدری کاامکان

عدالت نے دونوں کو تاحیات جنسی مجرموں کے رجسٹر میں شامل کرنے اور غیر معینہ مدت کے حفاظتی حکم (Restraining Order) کا بھی حکم دیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ واقعہ رواں برس مئی میں لیمنگٹن اسپا میں پیش آیا، جہاں دونوں ملزمان شدید ذہنی دباؤ کی شکار 15 سالہ لڑکی کو ایک سنسان، غار نما مقام پر لے گئے، اور اس کو زمین پر گرا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

جج ڈی برتوڈانو نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی سے اس کا بچپن چھین لیا ہے اور اس نقصان کی کوئی تلافی ممکن نہیں۔

جج کے مطابق اس شام جو کچھ ہوا، اس نے متاثرہ لڑکی کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل دی۔

متاثرہ لڑکی کے بیان میں کہا گیا کہ زیادتی کے بعد وہ خود کو کبھی محفوظ محسوس نہیں کرتی، باہر جانا ترک کر چکی ہے اور اس کی تعلیم و اسکول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: 5 ہزار سے زائد افغانی امریکا کیلئے خطرہ قرار ، آپریشن الائی ویلکم پر سوالات اٹھ گئے

متاثرہ کی والدہ کے بیان کے مطابق ان کی بیٹی شدید اضطراب کا شکار ہے، جس کے اثرات پورے خاندان پر پڑے ہیں۔

عدالت نے بتایا کہ دونوں ملزمان نے پہلے ہی جرم قبول کر لیا تھا۔ جان جہانزیب کو 10 سال 8 ماہ جبکہ اسرار نیازال کو 9 سال 10 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ جان جہانزیب کو عمر کے باعث ملک بدری کے کاغذات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ اسرار نیازال کے معاملے میں حکومت کو ملک بدری کی سفارش کی گئی ہے۔