Site icon بول نیوز

فواد خان نے 2025 کو ’تنقید کا سال‘ قرار دے دیا

فواد خان نے 2025 کو ’تنقید کا سال‘ قرار دے دیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے عالمی شہرت یافتہ اداکار و گلوکار فواد خان نے بالآخر اپنے حالیہ تنازعات اور مسلسل ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی ہے۔ ویب سیریز ’برزخ‘ سے لے کر پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز پر اُن کی خاموشی اور پھر پاکستان آئیڈل کے ججز پینل میں شمولیت ان تمام معاملات پر انہیں مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا رہا۔

حالیہ انٹرویو میں فواد خان نے 2025 کو ’’تنقیدوں کا سال‘‘ قرار دیا اور کہا کہ تنقید ضرور ہونی چاہیے مگر ایسی جو اصلاح کی نیت سے کی جائے، نہ کہ ایسی جس میں کسی کی کردار کشی ہو یا کیچڑ اچھالا جائے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں اپنی آنے والی فلم ’نیلوفر‘ کی تشہیر کے دوران انہوں نے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ تنقید کرنا چاہیں تو ضرور کریں، مجھے اس سے مسئلہ نہیں، ہر کسی کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے لیکن تنقید وہی بہتر ہے جو اصلاح کا ذریعہ بنے۔

فواد خان نے کہا کہ اس سال انہیں ملنے والی زیادہ تر آراء منفی تھیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ اکثر ردعمل دینے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے صرف شور مچتا ہے، بات آگے نہیں بڑھتی۔

اداکار نے لوگوں سے باہمی احترام اور برداشت کی اپیل بھی کی اور کہا کہ اختلاف رائے دنیا بھر میں ہوتا ہے، یہ صرف پاکستان تک محدود نہیں لیکن ہمیں ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ ختم کرنا چاہیے۔

Exit mobile version