Site icon بول نیوز

لاہور، اے کیو آئی مسلسل بہتر، فاسٹ ٹریک اسموگ پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے

پنجاب میں 41 ہائی ٹیک ایئر مانیٹرنگ اسٹیشنز فعال کردیئے گئے ہیں

فوٹو: انٹرنیٹ

صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی صورتحال مسلسل بہتر ہورہی ہے، شہر کا موجودہ اے کیو آئی 168 ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق نومبر میں آلودگی میں غیر معمولی کمی حکومتِ پنجاب کی فاسٹ ٹریک اسموگ پالیسی کا نتیجہ ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ماحول دوست بجٹ جاری کیا گیا جبکہ پہلی مرتبہ میگا لیول سسٹم بیسڈ ایکشن پلان متعارف کرایا گیا۔

حکومت نے اسموگ کنٹرول کو ٹاپ پرائیرٹی بناتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

پنجاب میں 41 ہائی ٹیک ایئر مانیٹرنگ اسٹیشنز فعال کردیئے گئے ہیں جبکہ ڈرون سرویلنس، اسموگ گنز اور خصوصی ای پی ایف فورس نے انسدادِ اسموگ نیٹ ورک کو خطے میں ایک ماڈل بنا دیا ہے۔

ای پی اے پنجاب کی جانب سے ہنگامی ایکشن کے تحت زیادہ آلودگی والے زونز میں تمام تعمیراتی سرگرمیاں فوری طور پر بند کردی گئی ہیں جبکہ انڈسٹریز کیلئے زیرو کمپلائنس زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے۔

مرکزی شاہراہوں پر روزانہ دو مرتبہ پاور سپرے کا عمل جاری ہے تاکہ معلق گرد و غبار میں کمی لائی جاسکے۔ اس کے ساتھ اسپیشل ڈسٹ کنٹرول مشن بھی بھرپور انداز میں فعال ہے۔

کچرا جلانے، ناجائز تجاوزات اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف سخت ایکشن جاری ہے جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ریڈ زون آپریشن پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اسموگ ہاٹ اسپاٹس میں گاڑیوں کے داخلے کیلئے نیا کلئیرنس سسٹم نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت وی آئی سی ایس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ مکمل ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانے کیلئے ڈرون فوٹیج، جیو فینسنگ اور فوری فیلڈ رسپانس سسٹم استعمال کیا جارہا ہے۔ زرعی علاقوں میں خصوصی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔

اسموگ سے متاثرہ شہریوں کیلئے روزانہ ہیلتھ الرٹس جاری کیے جارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپس فعال ہیں اور ادویات، عملے اور سہولیات کی خصوصی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

Exit mobile version