پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے ابتدائی میچ میں ملائیشیا کو 297 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
گروپ اے کے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 345 رنز کا بھاری مجموعہ قائم کیا، جس کے بعد ملائیشیا کی ٹیم 346 رنز کے تعاقب میں صرف 48 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ملائیشیا کے کسی بھی کھلاڑی کو دوہرے ہندسوں تک پہنچنے کی بھی کامیابی نہ ملی۔ ان کے کپتان ڈیاز پیٹرو اور محمد اکرم 9،9 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
پاکستان کی بولنگ لائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو کھیلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔ علی رضا اور محمد صیام نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دانیال علی خان نے 2 اور نقاب شفیق نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل، ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ ابتدائی دو وکٹوں کے نقصان کے بعد، سمیر منہاس اور احمد حسین نے 293 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔
سمیر منہاس نے 177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ احمد حسین 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

