سڈنی میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعے میں بھارت کے ممکنہ کردار سے متعلق مزید شواہد سامنے آگئے ہیں جس کے بعد آسٹریلوی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھارتی حکومت سے باضابطہ رابطہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکام نے اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے پس منظر اور روابط سے متعلق بھارتی حکام سے پوچھ گچھ کے لیے رابطہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی انٹیلی جنس ایجنسیز سڈنی دہشت گردی میں ملوث افراد کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کر رہی ہیں تاکہ حملے کے پس پردہ عناصر اور بین الاقوامی روابط کا سراغ لگایا جاسکے۔ اسی سلسلے میں بھارتی حکام سے تعاون طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سڈنی دہشتگردی کے واقعے میں ملوث ایک دہشتگرد کے قریبی دوست نے پہلے ہی بیان دیا تھا کہ حملہ آور نوید کا تعلق بھارت سے ہے۔
دوست کے مطابق دہشتگرد نوید کے والد بھارتی نژاد ہیں جب کہ اس کی والدہ اطالوی شہری ہیں۔ اس بیان کے بعد حملہ آور کے خاندانی پس منظر اور روابط پر مزید سوالات اٹھ گئے ہیں۔
حملہ آور کی خاندانی معلومات اور آسٹریلوی انٹیلی جنس ایجنسیز کی جانب سے بھارتی حکومت سے براہِ راست رابطہ اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ سڈنی دہشتگردی واقعے کے تانے بانے بھارت سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی حکام واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کر رہے ہیں اور تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث نیٹ ورک اور سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جاسکے۔
سڈنی دہشتگردی واقعے میں بھارت سے جڑے شواہد سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر بھی اس معاملے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ مزید پیش رفت اور سرکاری مؤقف کا انتظار کیا جارہا ہے۔

