موسمیاتی تبدیلیاں؛ شدید گرمی کی وجہ سے ایک اور خطرناک نقصان سامنے آگیا

دنیا بھر میں تیزی سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور اس کی وجہ سے زمین کو بے شمار خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے جزیرے گرین لینڈ کی برفانی چادر پگھلنے سے اس صدی کے اختتام تک عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں لگ بھگ ایک فٹ کا اضافہ ہوسکتا ہے اور ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہوگا۔
تحقیق کے مطابق آنے والے برسوں میں گرین لینڈ کی 3.3 فیصد برفانی چادر پگھل جائے گی جو کہ 110 ٹریلین میٹرک ٹن برف کے برابر ہے، اس برف کے پگھلنے سے 2022 سے 2100 کے درمیان سمندروں کی سطح میں 10 انچ کا اضافہ ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسز کا اخراج فوری طور پر روک دیا جائے تو بھی گرین لینڈ کی برف کو پگھلنے سے روکنا اب ممکن نہیں، گرین لینڈ کی برفانی چادر انٹار کٹیکا کے بعد سب سے بڑی ہے اور اس جزیرے کے 80 فیصد حصے پر پھیلی ہوئی ہے۔
اس سے قبل ہونے والی تحقیقی کام میں بتایا گیا تھا کہ اگر گرین لینڈ کی تمام برف پگھل جائے تو عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں 23 فٹ تک اضافہ ہوسکتا ہے، اس تحقیق کے لیے سائنسدانوں نے 2000 سے 2019 تک کے سیٹلائیٹ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی تھی۔
سائنسدانوں نے گرین لینڈ کی برفانی چادر پگھلنے کی شرح کا اندازہ برفباری کی مقدار سے کیا اور تخمینہ لگایا کہ اس صدی کے اختتام تک 3.3 فیصد برف پگھل جائے گی۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گرین لینڈ میں موسم گرما کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جس سے برفانی چادر زیادہ تیزی سے پگھلنے لگی ہے۔
واضح رہے کہ سمندری سطح میں ایک فٹ کا اضافہ ساحلی علاقوں کے لگ بھگ 20 کروڑ افراد کے بے گھر ہونے کا باعث بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

