Site icon بول نیوز

2025 میں شہابِ ثاقب کی بارش کا دلکش نظارہ، آسمان جگمگانے کو تیار

2025 میں شہابِ ثاقب کی بارش کا دلکش نظارہ، آسمان جگمگانے کو تیار

دسمبر کا مہینہ آتے ہی شمالی نصف کرہ میں آسمان پر شہابِ ثاقب کا بڑا موسم شروع ہوجاتا ہے۔ اس دوران آسمانی روشنیاں دیکھنے والوں کے لیے دو بڑے جھرمٹ لگاتار نمودار ہوتے ہیں جن میں ایک کی جھلک اسی ماہ اور دوسرے کی آغازِ سال میں دکھائی دیتی ہے۔

رواں سال جمنائیڈ جھرمٹ کا عروج 13 دسمبر کی رات اور 14 دسمبر کی صبح ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اس دوران ایک گھنٹے میں 150 تک روشن لہریں دیکھی جاسکتی ہیں جب کہ سب سے زیادہ سرگرمی صبح 8 بجے عالمی وقت کے مطابق متوقع ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اگرچہ اگست میں نمودار ہونے والا مشہور پرسئیڈ جھرمٹ زیادہ معروف ہے لیکن دسمبر کا جمنائیڈ جھرمٹ عموماً اس سے زیادہ شاندار نظارہ پیش کرتا ہے۔

یہ جھرمٹ خاص کیوں ہے؟

جمنائیڈ کی اصل ایک عجیب و منفرد خلائی چٹان ’’فیثون 3200‘‘ ہے جس میں شہابیہ اور دم دار ستارے دونوں کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ سورج کے گرد اس کا بیضوی چکر زمین کے مدار کو کاٹتا ہے اور اس دوران اس سے بہت سا ملبہ خارج ہوتا رہتا ہے۔

جب زمین اس گزرگاہ سے گزرتی ہے تو یہی ذرات فضا میں داخل ہوکر روشن اور رنگ برنگی چمک میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔

یہ جھرمٹ برجِ جوزا کے قریب ایک نقطے سے گرتا محسوس ہوتا ہے جس کے باعث اسے ’’جمنائیڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ان کی روشنی تیز، رنگ نمایاں اور رفتار نسبتاً کم ہوتی ہے جس سے انہیں دیکھنا اور کیمرے میں محفوظ کرنا خاص طور پر آسان بن جاتا ہے۔

چاند کی روشنی نظارہ متاثر کرے گی؟

اس سال جھرمٹ کے عروج پر چاند سیاہ پڑاؤ میں ہوگا اور اس کی روشنی صرف 26 فیصد ہوگی، اس لیے آسمان میں موجود چمکتے ہوئے شہاب زیادہ واضح نظر آئیں گے۔ عروج سے ایک دن پہلے اور بعد کی راتیں بھی مناسب موسم کی صورت میں اچھا منظر فراہم کرسکتی ہیں۔

نئے سال میں کون سا جھرمٹ نظر آئے گا؟

2 جنوری 2026 کی رات ’’کوآڈرنٹڈ‘‘ جھرمٹ اپنے عروج پر ہوگا تاہم اس دن پورا چاند ہونے کے باعث روشنی زیادہ ہوگی، اس لیے دسمبر کا جمنائیڈ جھرمٹ ہی بہترین موقع سمجھا جا رہا ہے۔

اگلا نمایاں جھرمٹ اپریل 2026 میں رونما ہوگا

ان شہابی روشن لہروں کو دیکھنے کے لیے کسی دوربین یا خاص ساز و سامان کی ضرورت نہیں۔ بس کھلے آسمان کے نیچے نکلیے اور فطرت کے اس دلکش مظاہرے کا لطف اٹھائیے۔

Exit mobile version