ہواوے کمپنی پاکستان میں رواں سال دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

ہواوے گروپ کے نائب صدر مسٹر مارک شومین نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی اس سال پاکستان میں تقریباً دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔
ہواوے گروپ کے نائب صدر مسٹر مارک شومین نے وفد کے ہمراہ منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات کے وزیر مخدوم خسرو بختیار سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ہوا وے کمپنی کے نائب صدر نے کہاکہ پاکستان ایک اسٹریٹجک مارکیٹ ہے اور کمپنی اس سال ملک میں تقریباً دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ ہوا وے اسلام آباد میں پانچ کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے علاقائی ہیڈ کوارٹر بھی قائم کرے گی جس سے ملک میں نوجوان انجینئروں کے لیےروزگار کے مواقع پیداہوں گے۔
مسٹر مارک شومین نے کہاکہ ہوا وے پاکستان میں اپنے تکنیکی معاونت کے مرکز میں بھی ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی اور اس طرح وہ مزید افرادی قوت کی خدمات بھی حاصل کرے گی جس سے اس سال اس کے عملے کی تعداد چھ سو سے بڑھ کر آٹھ سو ہوجائے گی۔
اس موقع پر منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے پاکستان کے ساتھ ہوا وے کی مسلسل وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہ ممتاز کمپنی پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور اسے بہتر بنانے میں مدد کرسکتی ہے ۔
مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان کی موبائل صنعت میں ہواوے کا پچیس فیصد حصہ ہے اور یہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی چینی کمپنی ہے ۔
وفاقی وزیر نے جدید ترین انفارمیشن اورمواصلاتی ٹیکنالوجی آلات پرمشتمل انفارمیشن اسمارٹ اسکول پروجیکٹ کے تحت ہوا وے کمپنی کے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے ساتھ اشتراک کوسرا ہتے ہوئے پاکستان میں آئندہ منصوبوں اور مشترکہ پروگراموں کے لیےنئے کاروباری معاہدے کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔
انہوں نے کہاکہ ہوا وے کمپنی حکومت کے ای گورنمنٹ اقدام میں کردار ادا کرسکتی ہے اوراس کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں بہتری کے لیےاعدادوشمار یکجا کرنے میں بھی مدد فراہم کرسکتی ہے ۔
مخدوم خسرو بختیار نے مزید کہاکہ ہوا وے کمپنی پاکستان میں آئی ٹی کے منصوبے شروع کرنے میں معاونت کرسکتی ہے تاکہ نوجوان اس اہم شعبے سے فائدہ اٹھاسکیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

