بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر نیپرا کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

کراچی کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر کمی کاامکان
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر نیپرا نے اپنی سماعت مکمل کرلی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے، نیپرا ورکنگ جلد مکمل کرکے وفاقی حکومت کو بجھوائے گا، وفاقی حکومت نیپرا فیصلے کے بعد قیمتوں کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
پاور ڈویژن کے حکام نے دوران سماعت کہا کہ لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے کوئی اضافہ نہیں ہوگا، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے اضافہ نہ کرنے سے پچاس فیصد صارفین پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیوںکہ ٹیرف میں اضافے کے باوجود حکومت 220 ارب روپ کی سبسڈی دے گی۔
سماعت میں چیئرمین نیپرا نے کہا کہ حکومت سیاسی بنیادوں پر پروٹیکٹڈ صارفین کو بچانا چاہتی ہے، یہ حکومت کا کام ہے سو بسم اللہ۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر مرحلہ وار دوبارہ بجلی بم گرانے کی تیاری کرلی
پاور ڈویژن کے حکام نے کہا کہ جولائی میں ساڑھے تین روپے اضافے سے بنیادی ٹیرف 18 روپے 98 پیسے ہوجائے گا، ستمبرمیں مزید اضافے سے بنیادی ٹیرف مزید بڑھ کر 22 روپے 48 پیسے فی یونٹ جبکہ اکتوبر میں بنیادی ٹیرف مزید اضافے سے 23 روپے 39 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا۔
حکام نے کہا کہ ری بیسنگ کے بعد پروٹیکٹڈ صارفین کابل کم آئے گا اس کے علاوہ زرعی شعبے کو 93 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔
اس پر نیپرا نے پاور ڈویژن کے حکام کو کہا کہ حکومت ہمیں ہر کٹیگریز کے لیے سبسڈی کے اعدادوشمار فراہم کرے۔
دوران سماعت کراچی چیمبر کے نمائندہ نے کہا کہ ٹیرف میں اضافے سے کاروباری طبقے کے لیے کاروبارکرنا مشکل ہوجائے، تین سال پہلے درآمدی کوئلہ 50 ڈالر فی ٹن تھا آج 400 ڈالر ہے، حکومت کو بجلی صارفین کو سبسڈی دینی چاہیئے۔
چئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ اگر صارفین پربوجھ نہیں ڈالاجائے گا تو کون دے گا، عالمی منڈی میں فیول پرائسز بڑھ رہی ہیں، فیول لاگت میں آٹھ گنا اضافہ ہوا، روپے کے مقابلے میں ڈالر بھی ڈبل ہو چکا ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، اگر یہ قیمت صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ انڈسٹریل اسپورٹ پیکج کے باعث صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملا، ہم نے ڈالر کی جو پروجیکشن کی ہوئی تھیں اس میں گیارہ روپے کا اضافہ آگیا ہے، اب جو صورتحال ہے اب تو ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لگانی پڑیں گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے مختص کردہ ٹیرف سبسڈیز کو آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت فوری طور پر لاگو کرنے کے لیے ایڈجسٹ کرنے کی ضرورت کے تحت نیپرا عدالتی حکم کے مطابق آج عوامی سماعت کی رسمی کارروائی مکمل کرچکی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News