چین میں پاکستانی گوشت کی مانگ میں اضافہ، 7.5 ملین ڈالر کا آرڈر مل گیا

پاکستان نے چین کو تازہ گوشت (بیف) کی برآمدات کے لیے 7.5 ملین ڈالر مالیت کا نیا آرڈر حاصل کرلیا ہے جو چینی مارکیٹ میں حلال پروٹین مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کی عکاسی کرتا ہے۔
اوریگینک میٹ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اطلاع دی ہے کہ نیا ایکسپورٹ آرڈر مالی سال 2025-26 کے دوران مکمل کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق معاہدے کے تحت چین کو پاکستان سے کوکڈ، فریزڈ اور بون لیس بیف فراہم کیا جائے گا جو عالمی فوڈ سیفٹی اور حلال سرٹیفکیشن کے معیار پر پورا اترے گا۔
بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ یہ معاہدہ سی پیک کے تناظر میں طے پایا ہے جو پاک چین تجارتی تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
کمپنی کے مطابق چین میں حلال سرٹیفائیڈ گوشت اور پروٹین مصنوعات کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے جس سے پاکستانی سپلائرز کے لیے نئی مارکیٹیں کھل رہی ہیں۔
صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل پاکستان کی میٹ ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جو مشرقی ایشیا کی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔
ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے کہا کہ ’’یہ آرڈر پاکستان کی جانب سے برآمدات کے نئے مقاصد حاصل کرنے اور چین کی بڑھتی ہوئی مانگ پوری کرنے کی ایک اور کامیاب کوشش ہے‘‘۔
اوریگینک میٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت فراہم کیا جانے والا گوشت سختی سے بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوگا۔ یہ کمپنی پہلے ہی مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے کئی ممالک کو گوشت برآمد کر رہی ہے اور اب چین میں قدم رکھنا دنیا کی سب سے بڑی کنزیومر مارکیٹ تک رسائی کے مترادف ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان کی میٹ ایکسپورٹ انڈسٹری نے گزشتہ برسوں میں خاطر خواہ ترقی کی ہے تاہم اسے انفراسٹرکچر مسائل، کوالٹی کنٹرول کے تقاضوں اور آسٹریلیا و برازیل جیسے تجربہ کار برآمد کنندگان سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
اس تناظر میں چین سے یہ معاہدہ نہ صرف معاشی فائدہ ہے بلکہ سی پیک کے تحت ایک اسٹریٹجک کامیابی بھی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس نئے معاہدے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری آئے گی۔ چین کو گوشت کی ترسیل رواں مالی سال کے دوران شروع ہوگی اور کارکردگی اور طلب کے مطابق مزید آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News