پاکستان اور روس کا تیل، گیس و معدنیات کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں ہونے والے انٹرنیشنل گیس فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی توانائی رہنماؤں سے اہم ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے توانائی شعبے میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
علی پرویز ملک نے فورم کے اعلیٰ سطحی پینل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات کی ہیں، جن کا مقصد عالمی سرمایہ کاروں کو پرکشش ماحول فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آئندہ منعقد ہونے والے منرلز انویسٹمنٹ فورم کے اگلے ایڈیشن میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
سینٹ پیٹرز برگ فورم کے موقع پر علی پرویز ملک نے ترکیہ کے وزیرِ توانائی الپرسلان بیرقطار سے ملاقات کی، جس میں باہمی توانائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاوہ ازیں، روس کی بڑی توانائی کمپنی گیزپروم کے چیئرمین ایلیکسی ملر کے ساتھ ملاقات میں گیزپروم اور اوجی ڈی سی ایل کے درمیان شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے روس کی جیولوجیکل سروے کمپنی رسجیو اور توانائی کی مصنوعی ذہانت پر مبنی کمپنی “نیڈرا ڈیجیٹل” کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
پاکستان اور روس نے اس موقع پر تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، جس سے مستقبل میں توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News