ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں، جسٹس (ر) مظاہر نقوی

ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں، جسٹس (ر) مظاہر نقوی
اسلام آباد: سابق جج سپریم کورٹ جسٹس (ر) مظاہر نقوی نے کہا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی سپریم جوڈیشل کونسل کا دائرہ اختیار نہیں۔
سابق جج سپریم کورٹ مظاہر نقوی نے سیکریٹری جوڈیشل کونسل کو خط لکھ دیا ہے۔
سیکریٹری جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط میں جسٹس (ر) مظاہر نقوی نے کہا کہ کونسل کی کارروائی میرے استعفے کے باوجود جاری ہے، میں دس جنوری کو مستعفی ہو چکا ہوں جسے صدر نے منظور کر لیا۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ میرے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن آفیشل گزٹ میں بھی شائع ہو چکا ہے، آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ریٹائرڈ ججز کیخلاف کارروائی کونسل کا دائرہ اختیار نہیں۔
جسٹس (ر) مظاہر نقوی کا خط میں کہنا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا 12 جنوری کا حکم غیر قانونی ہے،اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اختیار سے تجاوز کر رہی ہے۔
خط میں جسٹس (ر) مظاہر نقوی نے مزید کہا کہ میں آئینی اور قانونی طور پر کونسل کی اس کارروائی کا حصہ بننے کا پابند نہیں۔
واضح رہے کہ 11 جنوری 2024 کو سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مظاہر نقوی نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا جسے صدر مملکت نے منظور کرلیا تھا۔
جسٹس (ر) مظاہر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر اثاثوں سے متعلق الزامات تھے جب کہ ان کی ایک مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی، تاہم سپریم جوڈیشل کونسل نے انہیں صفائی کا ایک اور موقع دیتے ہوئے کہا تھا کہ معاملے کو ہوا میں نہیں چھوڑسکتے، استعفیٰ سے سپریم کورٹ کی ساکھ خطرے میں پڑی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

