ثنا یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں پیش کر دیا، تاہم پیشی کے دوران ملزم کے چہرے پر کپڑا ڈال کر اسے کمرہ عدالت لایا گیا۔
عدالت میں پیشی کے دوران سینیٹر فلک ناز بھی کمرہ عدالت پہنچیں، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے کیس کا ابتدائی متن عدالت میں پڑھا گیا۔
سماعت کے دوران متعلقہ پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی غیر حاضری پر مجسٹریٹ احمد شہزاد نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟ ویسے تو کبھی نہیں آتے، آج ہائی پروفائل کیس ہے تو سب آگئے ہیں۔
ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر چھٹی پر ہیں، جس پر عدالت نے سماعت میں عارضی وقفہ دے دیا اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو عدالت طلب کیا۔
بعد ازاں تفتیشی افسر کی درخواست پر عدالت نے ملزم عمر حیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کر لی اور اُسے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شناخت پریڈ کے بعد کیس کی مزید سماعت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

