‘ ذہنی دباؤ کا شکار ہوں ، 48 گھنٹوں سے نہیں سویا’

بالی ووڈ کے سپر اسٹارعامر خان اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ریلیز سے قبل ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے ۔
فلم کی تشہیری مہم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ فلم کی ریلیز کو لے کر بہت گھبرایا ہوا ہوں، پچھلے 48 گھنٹوں سے نہیں سویا اور یہ بالکل بھی مذاق میں نہیں کہہ رہا۔
مسٹر پرفیکٹ نے کہا کہ ’فلم کی وجہ سے میرا دماغ پک چکا ہے، اسی لیے میں نے کتابیں پڑھنا اور آن لائن گیمز کھیلا شروع کر دیا ہے، 11 اگست کو فلم ریلیز ہونے کے بعد ہی اچھی نیند کروں گا‘۔
واضح رہےکہ اس سے قبل نامور فلم ساز، ہدایتکار اور میزبان کرن جوہر کے مقبول ترین شو ’کافی ود کرن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایاکہ ’مجھے اچھی فلم بنانے پر خوشی ہے لیکن اگر لوگوں کو پسند نہ آئے تو دکھ ہوگا‘۔
اس موقع پر کرن جوہر نے سپراسٹار سے ’لال سنگھ چڈھا‘ کے خلاف جاری بائیکاٹ مہم سے ہونے والی پریشانی سے متعلق پوچھا تو وہ ایک دم سنجیدہ ہوگئے۔
عامر خان نے جواب دیا ’ظاہر سی بات ہے میں ذہنی دباؤ کا شکار ہوں، یہ کیا سوال پوچھ رہے ہو یار‘۔
کنگنا رناوت نے ’عامر خان‘ پر بڑا الزام لگا دیا
دوسری جانب اداکارہ کنگنا رناوت نے عامر خان پر ایک الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ’ لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کا جو ٹرینڈ چلایا جا رہا ہے وہ عامر خان نے خود تیار کیا ہے اور مہارت کے ساتھ پھیلایا ہے تاکہ ان کی فلم کی تشہیر ہو‘۔
کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا، ’میرے خیال میں لال سنگھ چڈھا کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ کے پیچھے عامر خان خود ہیں ،دراصل اس سال کوئی بھی ہندی فلم سوائے ایک مزاحیہ سیکوئل کے کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکی‘ ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہندی فلموں کے شائقین کیا دیکھنا چاہتے ہیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے‘۔
واضح رہےکہ ’لال سنگھ چڈھا‘ کے خلاف بائیکاٹ مہم کچھ بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چلائی جا رہی ہے جس میں عامر خان کے ایک پرانے انٹرویو کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
انٹرویو میں عامر خان نے کہا تھا ’بھارت کے حالات کا ایسا بُرا اثر ہو رہا ہے کہ اہلیہ نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ کسی دوسرے ملک چلے جاتے ہیں‘۔
’لال سنگھ چڈھا‘ ٹریلر دیکھیں:
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

