فردوس جمال کی تنقید پر ہمایوں سعید کا دلچسپ جواب

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف و سینئر اداکار فردوس جمال کی تنقید پر اداکار ہمایوں سعید نے دلچسپ جواب دے دیا۔
اداکار ہمایوں سعید ایک ورسٹائل اور باصلاحیت پاکستانی اداکار ہیں جو پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں آج تک مختلف بلاک بسٹر ڈراموں اور فلموں کا حصہ رہے ہیں۔
حال ہی میں حسن احمد نے اپنے شو میں ہمایوں سعید کے ساتھ کال پر ہونے والی بات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ہمایوں سے کال پر پوچھا کہ فردوس جمال نے آپ سے متعلق جو کہا اس پر کچھ کہنا چاہیں گے تو وہ پہلے ہنسے پھر کہنے لگے کہ فردوس جمال نے ایک بار مجھ سے کہا تھا کہ گاڈ فادر میں مارلن برانڈو کی اداکاری اچھی نہیں تھی اور اگر وہ مارلن برانڈو کی اداکاری سے مطمئن نہیں ہیں تو وہ میری اداکاری کی تعریف کیسے کر سکتے ہیں۔
حسن احمد نے بتایا کہ ہمایوں کا کہنا تھا کہ میں نے فردوس جمال کے بیان کو ذاتی طور پر نہیں لیا، ندیم سر اور جاوید شیخ کو جو عزت ملی ہے، بدقسمتی سے فردوس جمال اس مقام تک نہیں پہنچ سکے، ظاہر ہے اس تلخی کی وجہ سے وہ ایسا کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمایوں سعید کا کہنا تھا اگر فردوس جمال امیتابھ بچن بھی بن جاتے اور اگر ان سے سلمان خان یا شاہ رخ خان کے بارے میں پوچھا جاتا تو وہ انہیں بھی یہی جواب دیتے کہ یہ کون ہیں؟
انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی طرح سے ناراض نہیں ہوں اور میں اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، میں نے انہیں مکمل طور پر معاف کر دیا۔
واضح رہے کہ اداکار فردوس جمال نے چند روز قبل ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی تھی۔
شو کے دوران میزبان نے فردوس جمال سے کہا کہ آپ کے سامنے میں 5 نام لوں گا، آپ نے بغیر سوچے سمجھے ان اداکاروں کو 10 میں سے نمبر دینے ہیں۔
فردوس جمال نے اداکار فیصل قریشی کا نام لینے پر اُنہیں 4 نمبر دیے، اعجاز اسلم کے نام پر بھی 4 نمبر کے آس پاس دیے۔
جب ہمایوں سعید کا نام آیا تو فردوس جمال کا کہنا تھا کہ ہمایوں کو رہنے ہی دیں، اُس بیچارے کے پاس نہ تو آواز ہے اور نہ ہی کردار ، باڈی لینگویج بھی کچھ خاص نہیں ہے۔
معروف و سینئر اداکار سہیل احمد کا نام لیے جانے پر فردوس جمال نے انہیں 10 سے بھی اوپر یعنی 12 نمبر دیے۔
اداکار نعمان اعجاز کو 10 میں سے 5 سے 6 نمبر دیتے ہوئے فردوس جمال کا کہنا تھا کہ 4 نمبر تو اُن کے شخصیت کے ہیں باقی دو نمبر اداکاری کے لگا لیں۔
واضح رہے کہ فردوس جمال ایک تجربہ کار پاکستانی اداکار ہیں جو اپنی شاندار اداکاری کی مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ہندکو ڈراموں سے کیا اور 300 سے زائد ٹیلی ویژن ڈراموں اور 150 اسٹیج ڈراموں میں کام کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

