فن اور کھیل کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے، فرحان سعید

عالمی شہرت یافتہ معروف پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے کہا ہے کہ فن اور کھیل کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے۔
حال ہی میں بھارتی میڈٰیا کو اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں فرحان سعید کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی ٹی وی شو آپ کی عدالت کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک نجی پارٹی کی دعوت دی گئی، جو انہوں نے قبول کرلی، پارٹی میں مختصر لوگوں کو دعوت دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس پارٹی میں شاہ رخ خان، سلمان خان بھی موجود تھے، اسی دوران اکشے کمار نے مجھ سے ہلکا ہلکا سرور گانے کی فرمائش کی، میں نے مائیک اٹھایا اور آنکھ بند کر کے گانا شروع کر دیا، جب آنکھ کھولی تو میرے ساتھ ہی شاہ رخ خان ڈانس کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان بہت ہی اچھے انسان ہیں، جب وہ ڈانس کر رہے تھے تو میں نے انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی۔
فرحان سعید نے کہا کہ میں نے شاہ رخ خان کو پاکستانی آنے کی دعوت دی، یہاں بہت سے لوگ انہیں بے حد پسند کرتے ہیں، آپ کو بہت سے لوگ اپنے سامنے دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں، شاہ رخ خان واقعی شاہ رخ خان ہیں، انہوں نے میرے ساتھ ڈانس کرنا شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں مہینے میں تین بار بھارت جایا کرتا تھا کیونکہ ہم وہاں اپنے کنسرٹ کرتے تھے، میں بھارت کی ان جگہوں پر بھی گیا ہوں جہاں بھارتی لوگ بھی نہیں گئے ہوں گے، بھارت جانا میرے لیے نئی بات نہیں ہے لیکن یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ کس طرح سیاست نے کھیل اور فن کو متاثر کیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے ملیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فن اور کھیل کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے، اس پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔
فرحان سعید نے کہا کہ دنیا جدید ہوگئی ہے، آج کے دور میں انٹرنیٹ ہے، پاکستانی ڈرامے بھارت میں ٹرینڈ کررہے ہیں اور بھارتی گانے پاکستان میں ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے حقیقت پر مبنی ہوتے ہیں جن میں معاشرتی مسائل کو اُجاگر کیا جاتا ہے جبکہ بھارتی ڈرامے اس کے برعکس ہیں، بھارتی ڈرامے 450 قسطوں پر مشتمل ہوتے ہیں جن کا حقیقت سے تعلق نہیں ہوتا، میرے خیال سے انٹرٹینمنٹ کے مختلف پہلو ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں ایسے ڈرامے بنائے جاتے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ لوگ آج بھی انہیں دیکھ رہے ہیں، اسی طرح پاکستانی ڈراموں کی بھی الگ آڈیئنس ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News