اداکارہ مہوش حیات نے مداحوں کو خوشخبری سُنادی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ مہوش حیات نے اپنے مداحوں کو خوشخبری سُنادی ہے۔
حال ہی میں مہوش حیات نے انسٹاگرام پر اعلان کیا کہ وہ برطانیہ میں پنک لاما فلمز نامی پروڈکشن ہاؤس کا آغاز کر رہی ہیں۔
مہوش حیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کافی عرصے سے ایک خاص منصوبے پر کام کررہی تھی، میں نے مغربی میڈیا میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کی نمائندگی کے بارے میں بڑے پیمانے پر بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اندازہ ہوا کہ ان مسائل پر اکیلے بات کرنا کافی نہیں ہے، اگر ہم ان تصورات کو بدلنا چاہتے ہیں تو ہمیں معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینا ہوگا۔
اداکارہ نے کہا کہ بیرون ملک تیار کی جانے والی فلمیں اور ٹی وی سیریز میں مسلمان اور پاکستانی کرداروں کے بارے میں بھیانک دقیانوسی تصورات کو پیش کیا جاتا ہے، مہوش نے وضاحت کی کہ برطانیہ میں اپنی پروڈکشن کمپنی شروع کرنا ’اس بیانیے کو تشکیل دینے کا واحد طریقہ ہے کہ ہم کون ہیں اور ہم کس کے لیے کھڑے ہیں۔
اداکارہ نے مِس مارول میں عائشہ کا کردار کرنے کے حوالے سے تجربہ بھی شیئر کیا، انہوں نے کہا کہ مس مارول میں کام کرکے میرا اس بات پر یقین مضبوط ہوگیا ہے کہ نمائندگی کتنی زیادہ اہم ہے۔
مہوش حیات نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ ایسا کرنے سے ہم دقیانوسی تصورات کو ختم کر سکتے ہیں اور دنیا میں سمجھ اور قبولیت کو فروغ دے سکتے ہیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے پہلے ہی کئی پراجیکٹس پر کام شروع کر دیا ہے، مہوش نے کہا کہ مجھے اب تک موصول ہونے والے ردعمل سے بہت خوشی ہوئی ہے اور مجھے ایوارڈ یافتہ پارٹنرز کے ساتھ ایک شاندار پراجیکٹس پر تعاون کرنے پر فخر ہے جسے میں آپ کے ساتھ شیئر کرنے کا انتظار نہیں کر سکتی، اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے پاس ایسی کہانیاں ہیں تو واقعی متاثر کن ہیں تو مجھے ویب سائٹ کے ذریعے آگاہ کریں۔
مہوش حیات نے آخر میں کہا کہ ’ہم سب مل کر یہ ممکن بنائیں گے، پنک لاما مستقبل ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News