آخری بار آن لائن والدہ کا دیدار کیا اور اُن کے آخری سفر کو آن لائن دیکھا، ندا یاسر

بچپن سے رشتے کروانے کا شوق تھا، ندا یاسر
پاکستان کی نامور ٹی وی میزبان اور اداکارہ ندا یاسر نے کہا ہے کہ انہوں نے آخری بار آن لائن والدہ کا دیدار کیا اور اُن کے آخری سفر کو آن لائن دیکھا۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ ندا یاسر نے بتایا کہ فروری 2021 میں وہ شوہر اور بچوں کے ہمراہ جنوبی ایشیائی ملک مالدیپ سیر پر نکل گئی تھیں، وہاں جانے سے قبل وہ والدہ سے مل کر گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ بیمار رہتی تھیں لیکن اس وقت اس قدر بیمار نہ تھیں کہ وہ شوہر اور بچوں کے ہمراہ باہر نہ جاتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مالدیپ پہنچنے کے اگلے روز ہی انہیں بہنوں نے فون کرکے فورا ملک واپس آنے کا کہا اور بتایا کہ ان کی والدہ سخت بیمار پڑ گئیں ہیں، انہیں وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا ہے۔
ندا یاسر نے بتایا کہ انہوں نے بہنوں کے کہنے پر اپنے ٹکٹ بک کروائے لیکن اس وقت کورونا کی وبا چل رہی تھی، اس لیے انہیں وہاں سے نکلنے سے قبل کورونا کا ٹیسٹ کروانا پڑا اور ٹیسٹ کا رزلٹ آنے میں کئی گھنٹے لگے۔
ٹی وی میزبان کے مطابق انہوں نے پہلے ہی بہنوں کو بول دیا تھا کہ والدہ کی تدفین کردی جائے، کیونکہ انہیں نہیں پتا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے گا یا منفی اور وہ کب تک وہاں پہنچ سکیں گی، اس لیے والدہ کی تدفین کردی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آخری بار آن لائن والدہ کا دیدار کیا اور والدہ کے آخری سفر کو آن لائن دیکھا اور رات کو جب ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تو وہ وطن واپس آئیں۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی طرح ان کے شوہر یاسر نواز بھی اپنی والدہ کے جنازے میں شریک نہ ہوسکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یاسر نواز کی والدہ کے انتقال کے وقت وہ شوہر اور بچوں کے ہمراہ یورپی ملک ناروے گئی تھیں لیکن وہاں پہنچتے ہی ان کے شوہر غصہ کرنے لگے اور وہ جیسے ہی ہوٹل پہنچے اور فون سے وائی فائی کنیکٹ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کے شوہر کی والدہ انتقال کر گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی وقت ہی ان کے شوہر اور بچوں نے واپسی کے ٹکٹ لیے لیکن یاسر نواز اپنی والدہ کے جنازے میں شریک نہ ہوسکے تھے۔
واضح رہے کہ ندا یاسر کی والدہ کا انتقال فروری 2021 جبکہ یاسر نواز کی والدہ کا انتقال جون 2019 میں ہوا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News