بھارت میں ایوارڈ اچھے کام کے بجائے اچھے نام پر دیا جاتا ہے، عامر خان

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کی تیسری شادی کی خبریں زیرِ گردش
بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایوارڈ اچھے کام کے بجائے اچھے نام پر دیا جاتا ہے۔
حال ہی میں معروف اداکار نانا پاٹیکر نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے لیے اپنی تازہ ترین فلم ’ونواس‘ کی خصوصی اسکریننگ کیلئے میزبانی کی۔ اس موقع پر لیجنڈ فنکاروں نے خوش گوار ماحول میں گفتگو کی۔
نانا پاٹیکر نے اداکار سے سوال کیا کہ کبھی چھوٹے قد کی وجہ سے احساسِ کمتری کا شکار ہوئے ہیں؟ جواب میں عامر خان نے کہا کہ میں شروع میں سوچتا تھا کہ چھوٹے قد کے سبب مجھے اسکرین پر قبول نہیں کیا جائے گا مگر یہ سب میرا وہم تھا، ان سب چیزوں سے کچھ فرق نہیں پڑتا۔
نانا پاٹیکر نے کہا کہ آپ پھر شکل و صورت کے اچھے ہیں، میں تو اپنے چہرے کو لے کر خود کو بہت کمتر محسوس کیا کرتا تھا، اس چہرے سے میں نے 50 سال تک اس انڈسٹری میں کام کیا ہے، اچھا کام میری کامیابی کا سبب بنا۔
عامر خان نے کہا کہ ہمیں اپنی کمی محسوس بہت زیادہ ہوتی ہے مگر اچھے کام کے سامنے یہ چیزیں معنی نہیں رکھتیں، اگر آپ خلوص اور دل سے صرف اپنا کام کریں تو باقی سب چیزیں اہمیت نہیں رکھتیں۔
مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ ایوارڈز شو میں جانا مجھے مناسب نہیں لگتا، یہ کوئی دوڑ کا مقابلہ تھوڑی ہے جو جیتا اسے ایوارڈ مل گیا، آپ دو فنکاروں اور ان کے کام کے درمیان فرق کیسے کر سکتے ہیں؟ مجھے نہیں سمجھ آتا کہ کس بنیاد پر ایوراڈز دیے جاتے ہیں؟ بھارت میں ایوارڈز اچھے کام کے بجائے اچھے نام پر دیا جاتا ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News