بھارت کے لیجنڈری اداکار منوج کمار چل بسے

بھارت کے لیجنڈری اداکار منوج کمار چل بسے
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار منوج کمار طویل علالت کے بعد 87 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منوج کمار ممبئی کے کوکیلا بین دھیرو بائی امبانی اسپتال میں داخل تھے جہاں دل سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے آج صبح ساڑھے 3 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔
منوج کمار کے بیٹے کنال گوسوامی نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کے والد طویل عرصے سے صحت کے مسائل سے لڑ رہے تھے اور وہ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ان کے والد نے اس دنیا کو پرامن طریقے سے الوداع کہا، ان کی آخری رسومات ہفتے کو پون ہنس قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔
لیجنڈ اداکار منوج کمار کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے فوراً بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ منوج کمار جی ہندوستانی سینما کے ایک آئکن تھے، جنہیں خاص طور پر ان کے حب الوطنی کے جذبے کیلئے یاد کیا جائے گا، ان کی فلموں نے قومی فخر اور عزم کا جذبہ جگایا اور نسلوں کو متاثر کیا۔
منوج کمار کی وفات نے بھارتی فلم انڈسٹری کو ایک بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے اور سنیما کی دنیا میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ منوج کمار 1937ء میں ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا اصل نام ہری کرشنن گوسوامی تھا۔
منوج کمار کو بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے خدمات پر 1992ء میں پدما شری، 1999ء میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور 2015ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
فلمی دنیا کو خیر باد کہنے کے بعد 2004ء کے عام انتخابات سے پہلے اُنہوں نے باضابطہ طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر کے سیاست میں قدم رکھا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News