ماہرہ خان نے خلیل الرحمان قمر تنازعے پر اپنی “غلطی” کا اعتراف کرلیا

پاکستان کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمان قمر کے ساتھ جاری تنازعے پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے بالآخر اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر سے متعلق سوشل میڈیا پر دیے گئے ردعمل کو “غلطی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہاں، میں غلط تھی، مجھے سوشل میڈیا پر بات کرنے کے بجائے خلیل صاحب کو براہِ راست پیغام دینا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس وقت میں فلم “نیلوفر” کی شوٹنگ میں مصروف تھی جب ایک خبر نے مجھے غصے میں لا کر فوری ردعمل دینے پر مجبور کردیا، مگر بعد میں احساس ہوا کہ جذبات میں کیا گیا اقدام مناسب نہیں تھا۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ میری والدہ نے بھی مجھے مشورہ دیا کہ کسی سینئر فنکار سے اختلاف رائے کا اظہار براہِ راست یا کسی انٹرویو کے ذریعے کرنا بہتر ہوتا، تاکہ بات چیت کا وقار بھی برقرار رہے۔
اس دوران اداکارہ نے سینئر اداکار فردوس جمال کی جانب سے کی گئی تنقید کا بھی جواب دیا، انہوں نے ماضی میں کہا تھا کہ ماہرہ اب “ہیروئن” کے کرداروں کے لیے موزوں نہیں رہیں۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ کیریئر کے آغاز میں ایسی باتیں انہیں متاثر کرتی تھیں، مگر اب وہ پختگی کے ساتھ ان کا سامنا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ کامیاب ہوتے ہیں تو لوگ ساتھ ہوتے ہیں لیکن جب آپ بہت کامیاب ہو جائیں تو وہی لوگ عدم تحفظ کا شکار ہو کر آپ کے خلاف بولنے لگتے ہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان رواں برس عیدالاضحیٰ پر اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ فلم “لو گرو” میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

