’سردار جی 3‘ میں ہانیہ عامر کی کاسٹنگ پر تنازع، دلجیت دوسانجھ نے خاموشی توڑ دی

معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی شمولیت اور فلم کی بھارت میں ریلیز نہ ہونے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے اپنے حالیہ نٹرویو میں فلم سے متعلق تنازع اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا کہ جب یہ فلم فروری میں بنائی گئی، اس وقت حالات بالکل نارمل تھے، ہم نے اپنی تمام تر شوٹنگ اور ایڈیٹنگ مکمل کر لی تھی، اُس وقت کوئی تنازع نہیں تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ فلم کی تکمیل کے بعد کچھ غیر متوقع واقعات، جیسے پہلگام واقعہ پیش آئے، جو فلم کی ٹیم کے اختیار سے باہر تھے، ان حالات میں ہانیہ عامر کو فلم سے نکالنا ممکن نہیں تھا کیونکہ وہ فلم پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی۔
دلجیت دوسانجھ کے مطابق فلم کی پروڈکشن ٹیم نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ ہانیہ عامر کو فلم کا حصہ رکھا جائے لیکن فلم کو بھارت میں ریلیز نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروڈیوسرز، ہدایتکار اور پوری ٹیم نے باہمی اتفاق سے یہ فیصلہ کیا تاکہ صورتحال کو مزید تنازع کا شکار نہ بنایا جائے۔
اداکار نے اعتراف کیا کہ بھارت جیسی بڑی مارکیٹ میں فلم کو ریلیز نہ کرنا یقیناً مالی نقصان کا سبب بنے گا، تاہم وہ پروڈیوسرز کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔
دلجیت نے مزید کہا کہ جب فلم بن رہی تھی، اُس وقت موجودہ حالات جیسے کوئی مسائل نہیں تھے، اب اگر پروڈیوسرز صرف بیرونِ ملک فلم ریلیز کرنا چاہتے ہیں تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
واضح رہے کہ ہدایتکار امر ہوندل کی فلم ’سردار جی 3‘ سے ہانیہ عامر بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا ڈیبیو کر رہی ہیں، فلم میں نیرو باجوا، جیسمین باجوا اور گلشن گروور بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم 27 جون 2025 کو بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News