باپ بننے کی بہترین عمر اور مردانہ بانجھ پن سے بچنے کا طریقہ

بات جب باپ بننے کی ہو تو مرد اکثر سوچتے ہیں کہ عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور حیاتیاتی گھڑی (بائیولوجیکل کلاک) صرف بچہ پیدا کرنے والی ماں کے لیے اہم ہوتی ہے۔
لیکن ایسا نہیں ہے، کیونکہ آپ کی عمر کے ساتھ سپرم (نطفہ) کی تعداد اور معیار میں کمی آتی ہے۔
حیاتیاتی نقطہ نظر سے ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ مرد کے لیے باپ بننے کی بہترین عمر 20 کی دہائی کے اواخر سے 30 کی دہائی کے اوائل کے درمیان ہے۔
مردوں کے لیے 50 اور اس سے زیادہ عمر میں بھی بچے کا باپ بننا اب بھی ممکن ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق باپ بننے والے سب سے معمر شخص کی عمر بچے کی پیدائش کے وقت 92 سال تھی۔
پھر بھی، محققین نے پایا ہے کہ مرد کی عمر حمل کے امکانات کو متاثر کر سکتی ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر کے مردوں میں کامیابی کے امکانات کم ہوتے ہیں۔
مردوں میں عموماً نطفہ پیدا ہونے کا عمل کبھی نہیں رکتا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے پاس خواتین کی طرح ’حیاتیاتی گھڑی‘ نہیں ہے۔
جیسے جیسے ایک آدمی کی عمر بڑھتی ہے، اس کے سپرم جینیاتی تغیرات سے گزرتے ہیں جس سے سپرم کے ڈی این اے کو نقصان پہنچنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ یہ زرخیزی کو متاثر کر سکتا ہے اور مستقبل میں بچوں کی صحت پر بھی ممکنہ اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ ‘اعلیٰ درجے کی پدرانہ عمر’ کے باپوں کے بچوں میں اعصابی نشوونما کے عوارض کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
2010 میں کی گئی ایک تحقیق میں دیکھا گیا کہ 40 سال سے زیادہ عمر کے مردوں کی اولاد میں آٹزم سپیکٹرم ڈس آرڈر ہونے کا خطرہ عام آبادی کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ہوتا ہے۔
طرز زندگی کے بہت سے عوامل ہیں جو آپ کے سپرم کے معیار کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان میں ناقص خوراک، تمباکو نوشی، شراب نوشی، تفریحی ادویات لینا اور موٹاپا شامل ہیں۔
نطفہ کی حرکت پذیری وہ صلاحیت ہے جو عورت کی تولیدی نالی کے ذریعے انڈے تک پہنچنے اور حمل ٹھہرانے کے لیے مؤثر طریقے سے عمل پذیر ہونے میں مدد کرتی ہے۔
تمباکو نوشی کا تعلق صرف سپرم کے معیار میں کمی سے نہیں بلکہ ان کی مقدار اور حرکت پذیری سے بھی ہے۔
زیادہ سے زیادہ نطفہ پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صحت مند غذائیں کھائیں۔ اگر آپ کا وزن زیادہ ہے، تو چند کلو وزن کم کرنے سے آپ کے لیے باپ بننا آسان ہو جائے گا۔
کچھ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ اینٹی آکسیڈینٹ سے بھرپور غذا بھی مدد کر سکتی ہے۔ اپنی سپرم کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے الکحل اور تمباکو نوشی کو کم کریں۔ دونوں کو آہستہ آہستہ چھوڑنا بہترین آپشن ہے۔ اپنی رانوں کے بیچ کے حصے کو ٹھنڈا رکھیں کیونکہ آپ کے خصیے بہترین نطفہ بناتے ہیں جب وہ آپ کے باقی جسم سے قدرے ٹھنڈے ہوتے ہیں۔
اس کے لیے زیادہ چست کپڑے پہننے، زیادہ دیر تک لیپ ٹاپ کو گود میں رکھنے، گرم ماحول میں زیادہ وقت گزارنے یا زیادہ دیر تک بیٹھنے سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News