بچوں کے انگوٹھا منہ میں لینے کی عادت کے پیچھے کیا راز چھپا ہے؟

بچوں کے انگوٹھا منہ میں لینے کی عادت کے پیچھے کیا راز چھپا ہے؟
آپ کسی محفل میں ہو یا پارک میں کچھ بچے اپنا انگوٹھا منہ میں لیے ضرور دکھائی دیں گے کیا آپ نے کبھی اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی ہے؟ نہیں تو آپ کو بتاتے ہیں۔
بچے انگوٹھا کیوں منہ میں لیتے ہیں؟
بچوں میں انگوٹھا منہ لینا یا چوسنا ایک عام اور بے ضررسی عادت ہے، جبکہ تمام ہی بچے پیدائشی طور پراس جبلت کے ساتھ جنم لیتے ہیں یعنی بچے غیر ارادی یا غیر شعوری طور پر اس عمل انجام دیتے ہیں، یہاں تک یہ عمل وہ مادر رحم میں بھی کرتے ہیں۔
انگوٹھا چوسنے سے بچے خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں، اور پیدائش کے چند ہفتوں بعد ہی کچھ بچے سکون حاصل کرنے یا سونے کے وقت انگوٹھا منہ میں لینا شروع کردیتے ہیں۔
یہ عادت کتنی دیر تک قائم رہتی ہے؟
بہت سے بچے جیسے جیسے بڑے ہوتے ہیں اور نئے چیزیں سیکھتے ہیں خود ہی اس عادت کو چھوڑ دیتے ہیں۔ تاہم بچوں کی اکثریت 6 یا 7 ماہ کی عمر میں اس عادت کو ترک کر دیتی ہے جبکہ کچھ بچوں میں یہ عادت 2 اور 4 سال کی عمر کے درمیان تک جاری رہتی ہے۔
اگر کسی بچے نے اس عادت کو چھوڑ دیا لیکن جیسے ہی اسے کسی قسم کا تناؤ محسوس ہوگا تو وہ یہ عمل دوبارہ کرنا شروع کر سکتا ہے۔
بچوں کی اس عادت کو چھڑانے کے لیے کب مداخلت کی جائے؟
انگوٹھا چوسنا عام طور پر اس وقت تک تشویش کا باعث نہیں بنتا جب کہ بچے کے دانت نہ آجائیں کیونکہ اس وقت، انگوٹھا منہ میں لینا منہ کی چھت یعنی (تالو) یا دانتوں کی ترتیب کو متاثر کرنا کر سکتا ہے۔ دانتوں کے مسائل کا خطرہ اس بات سے تعلق رکھتا ہے کہ آپ کا بچہ کتنی بار، کتنی دیر اور کتنی شدت سے اپنے انگوٹھے کو چوستا ہے۔
اگرچہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ 3 سال کی عمر سے پہلے بچے کی اس عادت کو چھڑانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ لیکن امریکن اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس کا کہنا ہے کہ جو بچے 5 سال کی عمر کے بعد تک انگوٹھا چوستے رہتے ہیں تب ان کے علاج کی جانب توجہ دی جائے اس سے قبل نہیں۔
بچوں میں اس عادت کو چھڑانے کے لیے کیا کیا جائے؟
بچے سے انگوٹھا چوسنے کے بارے میں بات کریں۔ اگروہ غیر ارادی طور پر اس عمل کو کرتا ہے اور اسے چھوڑنا چاہتا ہے تو اس کے سامنے کچھ طریقے پیش کریں اور اسے کہیں وہ ان میں سے کسی ایک کو منتخب کریں اس طرح قوی امکان ہے کہ وہ اس عادت کو کم وقت میں چھوڑ سکتا ہے۔
بعض اوقات انگوٹھا چوسنے پر توجہ نہ دینا ہی اس رویے کو روکنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔ خاص طور پر اگر آپ کا بچہ توجہ حاصل کرنے کے لیے یہ عمل کرتا ہے توآپ کا توجہ نہ دینا ہی اس عادت کو چھوڑنے میں معاون ثابت ہوگا۔ جبکہ اس کے لیے یہ تکنیک بھی آزمائیں۔
مثبت رویہ اپنائیں
جب جب بچہ انگوٹھا منہ میں نہ لیں تو بچے کی تعریف کریں یا چھوٹے انعامات کے ذریعے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔ جیسے کوئی کہانیوں کی کتاب دیں یا کہیں گھمانے لے جائیں۔
قابل حصول اہداف طے کریں، جیسے سونے سے ایک گھنٹہ پہلے انگوٹھا نہ چوسیں اور کسی دن وہ عمل انجام نہ دیں تو اس دن کو خاص اہمیت دیں۔
محرکات کی شناخت کریں
اگر آپ کا بچہ تناؤ کی صورت میں اپنا انگوٹھا منہ میں لیتا ہے تو اصل مسئلے کی نشاندہی کریں اور دوسرے طریقوں سے سکون فراہم کریں – جیسے گلے لگانا یا اس کے ساتھ نرمی اور شفقت کا برتاؤ کرنا۔
یاد دلائیں
اگر آپ کا بچہ بغیر سوچے سمجھے اپنا انگوٹھا چوستا ہے، تو اسے بہت ہی نرمی سے یاد دلائیں تاکہ وہ یہ عمل انجام نہ دیں اپنے بچے کو نہ ڈانٹیں اور نہ ہی تنقید یا تضحیک کریں۔
اگر بچہ یہ عادت نہیں چھوڑرہا تو اس پر سختی نہ کریں آہستہ آہستہ یہ خود ہی چھوٹ جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

