ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

امریکی حملے مین جاں بحق ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پڑھائی جس میں صدر حسن روحانی ،اعلیٰ سول و ملٹری قیادت سمیت ہزاروں افرادنے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد فضا امریکا اور اسرائیل مخالف نعروں سے گونج اُٹھی۔
اس موقع پر لاکھوں سوگواران قاسم سلیمانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔جلوس جنازہ میں شریک افراد غم و غصے کی کیفیت سے دوچار تھے ۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا خون رائیگاں نہ جانے دیا جائے ۔
قاسم سلیمانی کی تدفین منگل کے روز ان کی وصیت کے مطابق آبائی شہر کرمان میں کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قاسم سلیمانی کا جسد خاکی بغداد سے مغربی ایران کے شہر احواز پہنچایا گیا تھا ، جہاں سے پھر ان کا جسد خاکی نماز جنازہ کے لیے تہران لایا گیا۔
قاسم سلیمانی کے جسدِ خاکی کو بعدازاں ایران کے جنوبی شہر کرمان منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔
بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ ادا
اس موقع پر جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے والد کے جنازے کے جلوس سے خطاب کے دوران کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ احمق اور کھلونا ہے جو یہودیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے میرے والد کو قتل کرکے ایران اور عراق میں تصادم پیدا کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوا۔
زینب سلیمانی کا مزید کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور عراق کے اہم افراد کو قتل کرکے اسٹریٹیجک غلطی کر دی ہے، اس ناکام سازش نے ایران اور عراق میں تاریخی یکجہتی پیدا کردی ہے۔
خیال رہے کہ 3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے تھے۔
قاسم سلیمانی کے ہلاکت کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا سے شدید انتقام لینے کا اعلان کرتے ہوئے قاسم سلیمانی کو مزاحمت کا عالمی چہرہ قرار دیا تھا اور ملک میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News