پارٹی قیادت اور کارکنان کو راشد ربانی ہمیشہ یاد رہے گا، بلاول بھٹو

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت اور کارکنان کو راشد ربانی ہمیشہ یاد رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ناگہانی انتقال سے پارٹی ایک مثالی پُرعزم، ثابتقدم اور نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی۔
اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان سے بھی دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ راشد ربانی کے انتقال پر دلی رنج ہوا ہے، پوری پارٹی افسردہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم راشد ربانی کو اپنی جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ مرحوم راشد ربانی کی زندگی کا محور فقط پیپلز پارٹی تھی، وہ آمروں کے خلاف جدوجہد میں صفِ اول کا سپاہی تھا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی۔
یاد رہے اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔
اہل خانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ راشد ربانی کئی دنوں سے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے اور آج ان کا انتقال ہوگیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سینئر پارٹی رہنما راشد ربانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راشد ربانی کا شمار محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مرحوم کی جمہوریت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ 6 مئی کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور راشد ربانی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News