پاکستان امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، مسلم امہ کے مابین اتحاد و یگانگت اور امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی ممبر ممالک کے سفراء کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے حوالے سے وزارتِ خارجہ میں بریفنگ دی جبکہ او آئی سی ممبر ممالک کے سفراء کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی ممبر ممالک کے سفراء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ نایجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں بہت سے ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے مجھے اس اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ بہت سے وزرائے خارجہ کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں اور تبادلہ ء خیال کا موقع ملا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ،او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے او آئی سی کو انتہائی اہم فورم سمجھتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش بہت سے مسائل زیر بحث آئے جن میں اسلاموفوبیا، فلسطین،روہنگیا، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال ،نیگرونو کاراباخ ،افغانستان اور او آئی سی کی نان ممبر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ بطور اقلیت ناروا سلوک پر گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ممبر ممالک کی طرف سے مسئلہ کشمیر، اسلاموفوبیا سمیت اہم امور پر ہمارے نکتہ نظر کی حمایت اور تائید پر تمام ممبر ممالک کے فرداً فرداً اور او آئی سی کے بالخصوص شکر گزار ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا پہلا اجلاس تھا چنانچہ او آئی سی کے 57 ممبر ممالک کی جانب سے متفقہ طور پر بھارتی یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرنا اور ہندوستان کیطرف سے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل کے اجراء کو منسوخ کرنے کا مطالبہ، انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اس متفقہ طور پر منظور ہونے والی قرارداد میں ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں، اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، پاکستان نے 1.8 ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے قرارداد پیش کی جسے آپ تعاون سے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں او آئی سی کے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کو بھی، نہتے کشمیریوں کی حمایت کرنے سمیت مسلم امہ کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بہترین خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس میں ہماری پیشکش کو قبول کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا آڑتالیسواں اجلاس پاکستان میں منعقد ہو گا جبکہ اس طرح پاکستان کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کا ساتواں موقع میسر آئیگا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو 1974 اور 1997 میں دو مرتبہ او آئی سی سمٹ کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہو چکا ہے ، ہم او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں آپ کے وزرائے خارجہ کی شرکت کے منتظر رہیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News