جنوبی ایشیا کا دیرپا امن و استحکام دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے،آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کا دیرپا امن و استحکام دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی اور کمانڈنٹ اسٹاف کالج میجر جنرل عامر احسن نواز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسروں اور فیکلٹی ارکان سے خطاب بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب میں پیشہ ورانہ امور ، داخلی و خارجہ سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کی لعنت سے بطور قوم نبرد آزما ہونے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و استحکام کا دار و مدار دیرینہ تنازعات کے حل میں ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری کے بامعنی تعاون اور سنجیدہ عزم سے پیچیدہ چیلنجنز اور مسائل سے نمٹا جاسکتا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے پاک فوج دیگر ریاستی اداروں کے ساتھ کوشاں ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو در پیش چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہر کوشش کریں گے ،جامع مربوط قومی کوششوں سے پاکستان میں ترقی و استحکام ممکن ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

